امن کا مسئلہ یا روایت کی خلاف ورزی، سوات میں خواتین کا کرکٹ میچ کینسل کیوں؟

اردو نیوز  |  Oct 02, 2023

ضلع سوات کے علاقے چار باغ میں خواتین کے کرکٹ میچ پر مقامی عمائدین کے اعتراض کے بعد ضلعی انتظامیہ نے یہ میچ کینسل کر دیا ہے۔

یکم اکتوبر کو گُل کدہ اور کانجو کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان پریکٹس میچ ہو رہا تھا جہاں چند مقامی افراد نے جمع ہو کر اعتراض کیا اور میچ کرنے سے منع کر دیا۔

مقامی صحافی انور انجم نے اردو نیوز کو بتایا کہ سوات کے علاقے چار باغ گراؤنڈ میں مقامی اکیڈمی کے زیر اہتمام پریکٹس میچ کا انعقاد کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس اور اسسٹنٹ کمشنر نے صورتحال کے پیش نظر میچ کو عارضی طور پر کینسل کر دیا۔

اس معاملے پر تحصیل چیئرمین چار باغ احسان اللہ خان نے موقف اپنایا کہ ’ہمارا علاقہ خواتین کی کرکٹ کے خلاف نہیں لیکن امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے اسی لیے وقتی طور پر ان میچز کا انعقاد ملتوی کر دیا جائے۔‘

دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس افسر شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا کہ خواتین کی ٹیموں میں کچھ غیرمقامی کھلاڑیوں پر مقامی لوگوں نے اعتراض کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’مٹھی بھر لوگوں نے اپنی سیاست کے لیے یہ حرکت کی ہے، ان کی منفی سوچ سوات کی لڑکیوں کو آگے جانے سے نہیں روک سکتی۔‘ 

کرکٹ میچ کے آرگنائرز ایاز نائیک نے اردو نیوز کو بتایا کہ چارباغ گراونڈ میں میٹرک اور سکینڈ ایئر کی طالبات کے لیے کرکٹ میچ کا انعقاد کیا تھا جس کا مقصد بچیوں کو صحتمندانہ سرگرمی مہیا کرنا تھا مگر امن وامان کا مسئلہ قرار دے کر میچ کو منسوخ کر دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سوات کے مختلف علاقوں سے 48 طالبات اس ٹورنامنٹ کا حصہ تھیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ’میں نے کرکٹ میچز کے انتظامات پر 70 ہزار روپے خرچ کیے تھے مگر مجھے زیادہ افسوس اس بات پر ہے کہ بچیوں کو کھیلنے کا موقع نہیں ملا وہ مایوس ہو کر واپس چلی گئی ہیں۔‘

میچ آرگنائزر ایاز نائیک نے مزید بتایا کہ لڑکیوں کے میچز کے لیے تمام انتظامات کئے گئے تھے اور کسی غیر متعلقہ مرد کو وہاں جانے کی اجازت نہیں تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More