ملک میں ڈالر کی قیمت پر کنٹرول اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھرپور کارروائیوں کے بعد شہر قائد میں چینی کی قیمت میں کمی آگئی، کمشنر کراچی نے چینی کی قیمت 130 روپے کلو مقرر کردی۔
کراچی میں گزشتہ دنوں چینی کے نرخ 160روپے سے بھی تجاوز کرگئے تھے تاہم ڈالر کی قیمت میں کمی اور ذخیرہ اندوزں سے بڑی مقدار میں چینی کی بازیابی کے بعد شہری انتظامیہ نے چینی کی نئی قیمت مقرر کردی ہے۔
ستمبر سے ملک میں جاری کریک ڈائون کے دوران آٹے اور چینی کی بڑی مقدار برآمد کرکے تحویل میں لی جاچکی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اس حوالے سے کمشنر کراچی سلیم راجپوت نے ہول سیل میں چینی کی قیمت 123 روپے کلو مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں چینی کی قیمت 130 روپے کلو مقرر کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں مہنگائی پر کنٹرول کیلئے شہری انتظامیہ پوری طرح متحرک ہوچکی ہے اورکمشنر کراچی کی سخت احکامات کے بعد شہر قائد میں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے جس کے تحت شہر کے مختلف اضلاع میں گرانفروشوں کیخلاف جرمانے اور دکانیں سیل کرنے کے اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔