وزیراعظم کاسلامتی کونسل کی غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے قرارداد کا خیرمقدم ، اس قرارداد پر فوری عملدرآمد ہونا چاہئے،شہباز شریف کا غیر ملکی سفیروں اور ہائی کمشنرز کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب

اے پی پی  |  Mar 27, 2024

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قرارداد پر فوری عملدرآمد ہونا چاہئے، گورننس کے نظام میں اصلاحات اور ملک کا معاشی استحکام ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، ملکی مفادات کی ترویج کے لئے ہم بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزارت خارجہ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفیروں اور ہائی کمشنرز کے اعزاز میں افطار ڈنر میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتےہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک نعمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، آج کی یہ تقریب ہماری ثقافتی اقدار اور بین المذاہب ہم آہنگی کی عکاسی کرتی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، رمضان کا مقدس مہینہ نہ صرف روزہ رکھنے بلکہ قربانی اور نظم و ضبط کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ ضرورت مند اور مجبور افراد کے ساتھ احترام اور دیکھ بھال کے جذبہ کو فروغ دیتا ہے، یہ مقدس مہینہ امن، ہم آہنگی اور رواداری کا پیغام دیتا ہے، آج ہمیں لازوال اقدار کی بہت ضرورت ہے، ہمارا آئین سب کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے، ہم نے کئی سالوں میں متعدد پالیسی، قانونی اور مثبت اقدامات کئے ہیں، پاکستان میں ہر ایک کو عبادت گاہوں میں اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کی اجازت ہے، پاکستانی معاشرے کے اس پہلو کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان امن پسند ملک کے طور پر عالمی برادری کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہتے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں جو ماہ رمضان میں بھی ظلم وبربریت کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہیں، فلسطینی عوام کے منصفانہ حق کی جدوجہد کی حمایت کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد کےفوری نفاذ کیلئے مخلصانہ کوششیں کرنی چاہئیں اور اس پر فوری عملدرآمد ہونا چاہئے، فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چند ہفتے قبل ہماری حکومت نے پرامن انتخابی عمل کے بعد اقتدار سنبھالا ہے، گورننس کے نظام

میں اصلاحات اور ملک کا معاشی استحکام ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، ملکی مفادات کی ترویج کے لئے ہم بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ترقی کے حصول کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان کی سلامتی، خود مختاری اور علاقائی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پاکستان علاقائی امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More