مخصوس نشستوں کا معاملہ، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کریں گے: سپیکر کے پی اسمبلی

اردو نیوز  |  Apr 25, 2024

خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ اسمبلی اجلاس بلانے کا معاملہ عدالت میں ہے جو بھی فیصلہ آئے گا عمل کریں گے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر بابر سلیم سواتی نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’اسمبلی میں مخصوص نشستوں کا معاملہ اتنا الجھا ہوا نہیں ہے جتنا اپوزیشن نے واویلہ مچایا ہے، مجھے گورنر کی جانب سے ازخود اسمبلی اجلاس بلانے کا ہدایت نامہ موصول ہوا جو کہ قانونی طور پر درست نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ  سب کو بائی پاس کر کے گورنر کو اجلاس بلانے کا اختیار نہیں تھا۔ 

سپیکر بابر سلیم کے مطابق ’اسمبلی اجلاس کا معاملہ عدالت میں ہے۔ پشاور ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ آگیا ہے جس میں مجھے احکامات دیے گئے ہیں جن کا احترام کرتے ہیں۔ صوبائی حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کر چکی ہے دیکھتے ہیں عدالت کا کیا فیصلہ اتا ہے۔ جو بھی فیصلہ آئے گا اس پر عمل کریں گے۔‘ 

’جو میرا آئینی کردار ہے وہ ادا کروں گا، جس دن اجلاس طلب کریں گے میں صدارت کروں گا۔‘

موجود حالات میں کیا اسمبلی اپنی مدت پوری کر پائے گی؟

اردو نیوز کے سوال پر سپیکر صوبائی اسمبلی نے مؤقف اپنایا کہ ’اسمبلی میں عوام کی امنگوں کے ترجمان بیٹھے ہوئے ہیں، اس لیے ہماری خواہش ہے کہ اسمبلی آئینی مدت پوری کرے اور اسمبلی چلے۔‘ 

انہوں نے کہا کہ ’اس ملک میں آئین بھی موجود ہے اور ادارے بھی ہیں۔ اگر اس پر عمل کیا جائے تو نظام بہتر طریقے سے آگے بڑھے گا۔ ہم رول آف لاء کی کوشش کرتے رہیں گے جو ہمارا فرض ہے۔‘

اسمبلی کے پہلے اجلاس میں ن لیگی خاتون ایم پی اے پر جوتا پھینکنے کے واقعے پر سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ ’وہ واقعہ اتنا بڑا نہیں تھا، ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم غیر سنجیدہ معاملات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں اور جو مسئلہ ہوتا ہے اس پر بات نہیں کرتے۔ سب ٹھیک ہوجائے گا، ہم اسمبلی کے معاملات کو بہتر طریقے سے نبھائیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا اپوزیشن بھی اسمبلی کی ممبر ہے ان کو بھی عوام نے ووٹ دیا ہے، انہیں ساتھ لے کر چلیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More