صدر الخدمت فاؤنڈیشن غزہ مہاجرین کیساتھ عید منانے مصر روانہ

ہم نیوز  |  Jun 14, 2024

اسلام آباد: الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان غزہ مہاجرین کے ساتھ عید منانے قاہرہ مصر روانہ ہو گئے۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے مصر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ، مصر اور پاکستان میں قربانی کے بعد گوشت غزہ متاثرین تک پہنچائے گی اور یتیم بچوں میں تحائف تقسیم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن غزہ، مصر اور پاکستان کے اندر قربانی کا اہتمام کر رہی ہے۔ پہلی ترجیح غزہ میں میسر جانور ہیں۔ الخدمت کو جتنے بھی جانور غزہ میں میسر آ رہے ہیں وہ وہاں قربانی کا اہتمام کر رہی ہے۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ غزہ کے بعد ترجیحاً الخدمت فاؤنڈیشن قاہرہ مصرمیں قربانی کا اہتمام کر رہی ہے۔ جہاں الخدمت کی ٹیم فلسطینی مہاجرین میں گوشت کی تقسیم کے ساتھ ساتھ پیکنگ کے بعد ٹرکوں کے ذریعے قربانی کا گوشت غزہ پہنچائے گی۔

انہوں نے کہا کہ غزہ اور مصر کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن نے کراچی میں جدید سلاٹر ہاؤس کا انتخاب کیا ہے جہاں عوام الناس کی جانب سے فلسطین کے لیے عطیہ کیے گئے جانوروں کی قربانی کے بعد گوشت کو پراسس کر کے ٹن پیک میں بند کر کے فضائی اور بحری راستوں کے ذریعے غزہ کے مسلمانوں تک پہنچایا جائے گا۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ وہ عید کے موقع پر عید کی نماز غزہ کے مہاجرین کے ساتھ ادا کریں گے اور قربانی کے گوشت اور عید کے تحائف کی تقسیم کے ساتھ ساتھ اسپتالوں میں زخیموں کی تیمار داری بھی کریں گے۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ غزہ کے لاکھوں مظلوم بہن بھائیوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے عطیہ کی گئی قربانیوں کا گوشت رفاہ بارڈراور کرم ابوسالم بارڈرکے ذریعے غزہ پہنچے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More