نئی دہلی میں موسلا دھار بارش سے 11 ہلاک، فلائٹ آپریشن متاثر

اردو نیوز  |  Jun 30, 2024

انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں شدید بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے جبکہ فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نئی دہلی رواں ماہ ایک طرف بدترین گرمی کی لہر کا شکار رہا تو دوسری طرف دو دن قبل دہائیوں کی شدید بارش ہوئی۔ دہلی میں ایک ہی دن میں ہونے والی بارش پورے مہینے کی اوسط بارش سے زیادہ تھی۔

موسلا دھار بارش کی وجہ سے دہلی ایئرپورٹ کے تین ٹرمینلز میں سے ایک کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں پروازیں متاثر ہوئیں۔

شہر کے انڈر پاس پانی سے بھر گئے، سڑکوں پر ٹریفک رک گئی اور کئی حصوں میں بجلی جانے سے پانی کی بھی عدم فراہمی کا سامنا رہا۔

گذشتہ 24 گھنٹوں میں نئی دہلی کے مرکزی ایئرپورٹ سے کم از کم 60 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔

اتوار کو فلائٹ آپریشن قدرے معمول کے مطابق رہے جبکہ اکثر پروازوں کا رُخ متاثرہ ٹرمینل سے دیگر دو کی جانب موڑا گیا، تاہم ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ فلائٹس منسوخ ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

دہلی کا ایئرپورٹ ملک کا سب سے بڑا اور مصروف ترین ایئرپورٹ ہے۔

بارشوں سے متاثر ہونے والا ٹرمینل ون اکثر کم قیمت والی ایئرلائن انڈی گو کے زیرِاستعمال رہتا ہے اور سالانہ چار کروڑ مسافر اس سے سفر کرتے ہیں۔

انڈی گو ایئرلائن کے ترجمان نے پروازوں کی منسوخی کے حوالے سے تبصرہ نہیں کیا۔

اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق میٹرولاجیکل ڈیپارٹمنٹ نے ملک کے شمالی علاقوں میں آئندہ چار سے پانچ گھنٹوں میں بہت زیادہ اور شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ان میں ریاست ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، اترا پردیش، مدھیا پردیش اور راجستھان شامل ہیں۔

میٹرولاجیکل ڈیپارٹمنٹ نے نیو دہلی کے لیے دو جولائی تک اورنج الرٹ جاری کیا ہے جس کا مطلب ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔

محکمے نے شمالی بنگال کے لیے ییلو الرٹ جاری کیا ہے یعنی متعلقہ ادارے محتاط رہیں اور صورتحال پر نظر رکھیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More