لاہور: پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے والے قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کا طیارہ پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا۔ ایئرپورٹ پر والہانہ استقبال کیا جائے گا۔
ایئرپورٹ پر ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ان کے اہلخانہ، وزرا اور عوام کی بڑی تعداد موجود ہے۔ عوام کی جانب سے وقفے وقفے سے نعرے لگائے جا رہے ہیں۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر کھیل پنجاب فیصل سیف، چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد، مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق سمیت عوام کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود ہے۔
چیئرمین ساؤتھ ایشین ایتھلیٹکس محمد اکرم ساہی ارشد ندیم کے ہمراہ وطن واپس پہنچیں گے۔ محمد اکرم ساہی کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے قوم کو بڑی خوشی دی ہے۔
ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی جانب سے ارشد ندیم کے والہانہ استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پنجاب اسپورٹس بورڈ کی جانب سے بھی ارشد ندیم کا استقبال کیا جائے گا۔
ارشد ندیم کے ایئرپورٹ پہنچے پر حکومتی شخصیات بھی ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کے لیے موجود ہوں گی۔ قومی ایتھلیٹ کے شاندار استقبال کے لیے ارشد ندیم کے اہلخانہ سمیت عوام کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت کا ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کا اعلان
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ ارشد کی فیملی کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کو آج ڈبل ڈیکر بس پر گھمایا جائے گا۔
اس سے قبل گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو پاکستان کے سفیر عاصم افتخار نے پیرس سے الوداع کیا۔
پیرس میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے گولڈ میڈلسٹ کا شاندار استقبال کیا گیا، ائیر پورٹ پر پاکستان کے سفیر عاصم افتخارنے انہیں الوداع کیا۔