ون ڈے چیمپیئنز کپ: ٹیموں اور کپتانوں کے ناموں کا اعلان

اردو نیوز  |  Sep 08, 2024

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپیئنز ون ڈے کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں اور ان ٹیموں کے کپتانوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

جمعے کو پی سی بی کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق چیمپیئنز ون ڈے کپ کا انعقاد 12 سے 29 ستمبر تک فیصل آباد میں ہوگا۔

سعود شکیل کو ٹیم ڈولفنز کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو لائنز، شاداب خان کو پینتھرز، محمد حارث کو سٹالینز اور محمد رضوان کو وولوز کی قیادت سونپی گئی ہے۔

کپتانوں کا تقرر پانچوں ٹیموں کے مینٹورز کی جانب سے کیا گیا ہے، ان میں مصباح الحق وولوز کے مینٹور ہیں جبکہ ثقلین مشتاق پینتھرز، سرفراز احمد ڈولفنز، شعیب ملک سٹالینز جبکہ وقار یونس لائنز کے مینٹور ہیں۔

پاکستان کے وائٹ بال کے کپتان بابر اعظم اور ریڈ بال کے کپتان شان مسعود سٹالینزکا حصہ ہوں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ چیمپیئنز ون ڈے کپ میں ملک کے بہترین کرکٹرز شرکت کر رہے ہیں۔

50 اوورز کا یہ ٹورنامنٹ سنگل لیگ فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جبکہ افتتاحی میچ میں مصباح الحق کی وولوز کا مقابلہ ثقلین مشتاق کی پینتھرز کے ساتھ ہوگا۔

16 ستمبر کے میچ کے علاوہ تمام میچز دوپہر 3 بجے شروع ہوں گے جبکہ 16 ستمبر کو لائنز بمقابلہ پینتھرز کا مقابلہ شیڈول ہے جو صبح 9 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

ٹورنامنٹ کا اختتام چار روز میں 3 پلے آف میچوں کے ساتھ ہوگا جبکہ اتوار 29 ستمبر کو فائنل میچ  کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کی جانب سے پانچوں ٹیموں کے ابتدائی سکواڈز کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق ان سکواڈز  کا انتخاب ٹیم کے مینٹورز نے 150 کھلاڑیوں کے ایک پول سے ڈرافٹ کے ذریعے کیا ہے۔ جسے پی سی بی نے فٹنس ٹیسٹ کے بعد فراہم کیا تھا۔

150 کھلاڑیوں میں سے 125 پچھلے 3 ڈومیسٹک سیزنز میں نمایاں کارکردگی دکھا چکے ہیں جبکہ بقایا 25 کھلاڑی وائلڈ کارڈ تھے، جن کا انتخاب ان کے تجربے اور گزشتہ تینوں سیزنز میں پاکستان، پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیموں کے لیے کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

ہر ٹیم میں موجودہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

ڈولفنز میں سعود شکیل، فہیم اشرف اور سرفراز احمد شامل ہیں جبکہ لائنز میں عبداللہ شفیق، عامر جمال، امام الحق اور شاہین شاہ آفریدی ہیں اور  پینتھرز میں صائم ایوب، شاداب خان اور اسامہ میر کو رکھا گیا ہے۔

اسی طرح سے سٹالینز میں ابرار احمد، بابر اعظم، حارث رؤف، محمد حارث، شان مسعود، طیب طاہر اور زمان خان جبکہ وولوز میں فخر زمان، افتخار احمد، محمد رضوان، نسیم شاہ، سلمان علی آغا اور شاہنواز دھانی شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More