سابق ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے ٹیم میں خامیوں کی نشاندہی کردی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی ٹیم اپنی اچھی کارکردگی کے بعد اس کا تسلسل برقرار رکھتی ہے، لیکن پاکستان کی ٹیم اچھی کارکردگی کے بعد تسلسل برقرار نہیں رکھ پاتی۔
کامران اکمل نے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے کہ آج آسٹریلیا کی ٹیم رو رہی ہوگی کہ اہم اس ٹیم سے ہار گئے، ہم جیتنے کے بعد ایک دم نیچے آجاتے ہیں،مائنڈ سیٹ ٹیم سے دور نہیں ہوا۔
قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی کا کہنا تھا کہ آج ٹیم جس طرح کھیلی ہے اسے سنجیدگی دکھانا ہوگی، ٹاس جیت کر بیٹنگ کیوں کی گئی یہ میری سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیم اویئرنس نہ ہمیں سمجھ آرہی تھی نہ اُنہیں، صرف فارمیلٹی پوری کررہے ہیں، صرف باری لے رہے ہیں،اسکور بورڈ دیکھ نہیں رہے، سنجیدگی بالکل نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کامران اکمل کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑی ڈری ڈری کرکٹ کھیل رہے ہیں، ایسا لگ رہا تھا کہ زمبابوے کے آگے اسکول کے لڑکے کھیل رہے ہیں، اس چیز کے پیچھے نہ چھپیں کہ ہمارا وہ کھلاڑی نہیں تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل بارش کے باعث پورا نہ ہوسکا، ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت زمبابوے کو فاتح قرار دیا گیا، زمبابوے کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 205 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔
پاکستان کی بیٹنگ ہدف کے تعاقب میں روایتی طور پر ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئی اور 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 60 رنز بناسکی۔