پاکستان وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں شکست کے بعد ہارنے کا جواز پیش کردیا۔
قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے قائد محمد رضوان نے میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے آج کا دن اچھا نہیں رہا، زمبابوے کی ٹیم، بالخصوص سکندر رضا کی تعریف کرنا ہوگی۔
پاکستانی بیٹرز کی کارکردگی کے حوالے سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ زمبابوے نے ہمارے بلے بازوں کو دباؤ میں ڈالا۔
کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہم زمبابوے کے دباؤ سے نکل نہیں سکے، موذاربانی اور نگاراوا بہت تجربہ کار بولرز ہیں۔
خیال رہے کہ پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں میزبان زمبابوے نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان کرکٹ ٹیم کو 80 رنز سے شکست دیدی۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل بارش کے باعث پورا نہ ہوسکا، ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت زمبابوے کو فاتح قرار دیا گیا، زمبابوے کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 205 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔
پاکستان کی بیٹنگ ہدف کے تعاقب میں روایتی طور پر ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئی اور 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 60 رنز بناسکی۔