ملتان ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دے دی ہے۔
اتوار کو ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں ہدف کے تعاقب میں 123 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس سے قبل پاکستان نے دوسری اننگز میں 157 رنز بنائے تھے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایلک اتھانزے 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ چھ کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ اور ابرار احمد نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
ساجد خان نے اس میچ میں نو وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 11 میچز میں 50 وکٹیں حاصل کرنے کا سنگ میل بھی عبور کر لیا ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 25 سے 29 جنوری کو ملتان میں کھیلا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز
ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 16 رنز پر گری۔ کریگ براتھ ویٹ 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کیسی کارٹی بھی 32 کے مجموعی سکور پر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
یوں پاکستانی بولرز کی ابتدا ہی میں میچ پر گرفت مضبوط ہو گئی۔ اس کے بعد کیسی کارٹی چھ، کیویم ہوج صفر اور جسٹن گریوز نو رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
ٹیون املاچ 14، کیون سنکلیئر 10، گڈاکیش موتی اور جومل واریکن صفر پر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایلک ایتھنیز نے 55 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایلک ایتھنیز 55 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو جتوانے میں ناکام رہے۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں ساجد خان نے پانچ، ابرار احمد نے چار اور نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی دوسری اننگز
پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود نے 52، محمد ہریرہ 29، کامران غلام 27 اور سلمان علی آغا نے 14 رنز بنائے۔
ان چار کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی اور ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔
پاکستان نے تیسرے دن کا آغاز تین وکٹوں کے نقصان کے ساتھ کیا تھا تاہم پہلے سیشن کے اختتام سے پہلے ہی پاکستانی بیٹرز ویسٹ انڈیز کے بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔
کپتان شان مسعود نے 52 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی بیٹرز سلسلہ وار وکٹیں گنواتے رہے اور ایک کے بعد دوسرا پویلین کی راہ دیکھتا رہا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے جومیل وریکان نے سات اور گوداکیش موتی نے ایک وکٹ حاصل کی
اس سے قبل پاکستان کے 230 رنز کے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 137 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز
ملتان کی سپن پِچ پر ساجد خان نے اپنے سپیل کا آغاز کامیابی سے کیا۔
ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 10 رنز پر گری جب ساجد خان نے مکائل لوئس کو آؤٹ کیا۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد ویسٹ انڈین ٹاپ آرڈر ساجد خان کے سپن کے جال میں بری طرح پھنسا جس کے نتیجے میں کیسی کارٹی، کریگ براتھ ویٹ اور کیوم ہوج کریز پر مختصر قیام کے بعد آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کو پانچویں کامیابی 34 کے مجموعی سکور پر ملی جب جسٹن گریوز نعمان علی کی گیند بولڈ ہو گئے۔
ویسٹ انڈیز کا لوئر آرڈر بھی وکٹ پر رُک نہ سکا۔
ویسٹ انڈین بیٹر ٹیون املاچ، الیک اتھانزے اور کیون سنکلیئر نعمان علی کا شکار بن گئے۔
نویں وکٹ کے لیے گوداکیش موتی اور جومیل وریکان نے مزاحمت کی تاہم مختصر شراکت کے بعد گوداکیش موتی 19 رنز بنا کر نعمان علی کی میچ میں پانچویں وکٹ بن گئے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے پانچ وکٹیں حاصل کی (فوٹو: اے ایف پی)
آخری وکٹ کے لیے جیڈن سیلز اور جومیل وریکان کے درمیان 46 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔
اس پارٹنرشپ کے دوران دونوں بیٹرز نے مجموعی طور پر چار چھکے بھی رسید کیے۔
پاکستان کو آخری وکٹ جیڈن سیلز کی ملی جو ابرار احمد کی گیند پر اونچی ہٹ لگانے کی کوشش میں 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں سعود شکیل 84، محمد رضوان 71 اور ساجد خان 18 رنز بنا سکے۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیڈن سیلز اور جومیل وریکان نے تین تین جبکہ کیون سنکلیئر نے دو وکٹیں حاصل کی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، محمد ہریرہ، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد اور ابرار احمد شامل تھے۔
ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون میں کریگ براتھ ویٹ (کپتان)، میکائل لوئس، کیسی کارٹی، کیوم ہوج، ایلک اتھانزے، جسٹن گریوز، ٹیوِن املاچ، کیون سنکلیئر، گوداکیش موتی، جومیل وریکان اور جیڈن سیلز شامل تھے۔