دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا لیے۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں شان مسعود 52 اور محمد ہریرہ 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے جومیل وریکان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے کامران غلام 9 اور سعود شکیل 2 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔
پاکستان کو دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز پر 202 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
اس سے قبل پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 25.2 اوورز میں 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلی اننگز میں جومیل وریکان نے 31، جیڈن سیلز نے 22 اور گوداکیش موتی نے 19 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے پانچ، ساجد خان نے چار اور ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز
ملتان کی سپن پِچ پر ساجد خان نے اپنے سپیل کا آغاز کامیابی سے کیا۔
ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 10 رنز پر گری جب ساجد خان نے مکائل لوئس کو آؤٹ کیا۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد ویسٹ انڈین ٹاپ آرڈر ساجد خان کے سپن کے جال میں بری طرح پھنسا جس کے نتیجے میں کیسی کارٹی، کریگ براتھ ویٹ اور کیوم ہوج کریز پر مختصر قیام کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو پانچویں کامیابی 34 کے ٹیم سکور پر ملی جب جسٹن گریوز نعمان علی کی گیند بولڈ ہوگئے۔
ویسٹ انڈیز کا لوئر آرڈر بھی وکٹ پر رُک نہ سکا۔
ویسٹ انڈین بیٹر ٹیون املاچ، الیک اتھانزے اور کیون سنکلیئر نعمان علی کا شکار بن گئے۔
نویں وکٹ کے لیے گوداکیش موتی اور جومیل وریکان نے مزاحمت کی تاہم مختصر شراکت کے بعد گوداکیش موتی 19 رنز بنا کر نعمان علی کی میچ میں پانچویں وکٹ بن گئے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آخری وکٹ کے لیے جیڈن سیلز اور جومیل وریکان کے درمیان 46 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔
اس پارٹنرشپ کے دوران دونوں بیٹرز نے مجموعی طور پر چار چھکے بھی رسید کیے۔
پاکستان کو آخری وکٹ جیڈن سیلز کی ملی جو ابرار احمد کی گیند پر اونچی ہٹ لگانے کی کوشش میں 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں سعود شکیل 84، محمد رضوان 71 اور ساجد خان 18 رنز بنا سکے۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیڈن سیلز اور جومیل وریکان نے تین تین جبکہ کیون سنکلیئر نے دو وکٹیں حاصل کی۔
View this post on Instagram A post shared by ESPNcricinfo (@espncricinfo)
پاکستان کی پہلی اننگز
دوسرے دن کے کھیل کا آغاز دھند کے باعث آدھے گھنٹہ تاخیر سے ہوا۔
پاکستان نے دوسرے دن کھیل کا آغاز چار وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز سے کیا۔
پانچویں وکٹ کے لیے سعود شکیل اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔
ویسٹ انڈیز کو پانچویں وکٹ سعود شکیل کی ملی جو 84 رنز پر سنکلیئر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے ایج دے بیٹھے۔
سعود شکیل کی وکٹ گرنے کے بعد گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور آغا سلمان علی دو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو ساتواں نقصان نعمان علی کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو صفر پر رن آؤٹ ہوگئے۔
ویسٹ انڈیز کو بڑی کامیابی محمد رضوان کی صورت میں حاصل ہوئی جو 71 رنز بنا کر سنکلیئر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
ویسٹ انڈیز کو آخری دو وکٹوں کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور یوں خرم شہزاد اور ساجد خان بالترتیب 7 اور 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیڈن سیلز تین وکٹیں حاصل کر کے نمایاں بولر رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں چار سپنرز اور ایک فاسٹ بولر کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے نوجوان بیٹر محمد ہریرہ اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیون املاچ نے بھی اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔
دونوں ٹیمیں 19 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہیں۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کا حصہ ہے۔
تاہم دونوں ٹیمیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہیں۔
پاکستان کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، محمد ہریرہ، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد اور ابرار احمد شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون میں کریگ براتھ ویٹ (کپتان)، میکائل لوئس، کیسی کارٹی، کیوم ہوج، ایلک اتھانزے، جسٹن گریوز، ٹیوِن املاچ، کیون سنکلیئر، گوداکیش موتی، جومیل وریکان اور جیڈن سیلز شامل ہیں۔