چیمپئنز ٹرافی فائنل: نیوزی لینڈ نے انڈیا کو جیتنے کے لیے 252 رنز کا ہدف دے دیا

اردو نیوز  |  Mar 09, 2025

آئی سی س چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے انڈیا کو جیتنے کے لیے 252 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

دبئی میں جاری میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 251 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل نے 63، مائیکل بریسویل نے 53 اور رچن رویندرا نے 37 رنز بنائے۔

انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادو اور ورون چکراوتھی نے دو دو جبکہ محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے انڈین فاسٹ بولرز کے پہلے سپیل کا دھیان سے سامنا کیا اور رچن رویندرا اور وِل ینگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔

نیوزی لینڈ کے اوپنرز محمد شامی اور ہاردک پاںڈیا کے خلاف اچھے ردھم میں نظر آئے۔

دونوں اوپنرز نے انڈیا کو چند چانس بھی دیے جسے انڈیا حاصل نہ کر سکا۔

انڈیا کو پہلی وکٹ 57 رنز پر ملی جب وِل ینگ ورون چکراورتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پہلی وکٹ کے بعد نیوزی لینڈ کا ٹاپ آرڈر سپنرز کے جال میں پھنستا چلا گیا اور کوئی بھی بیٹر وکٹ پر زیادہ نہ رک سکا۔

نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 69 رنز پر گری جب رچن رویندرا کلدیپ یادو کی عمدہ گیند پر بولڈ ہوگئے۔

انڈیا کو اگلی وکٹ کے لیے زیادہ محنت نہ کرنا پڑا اور یوں کین ولیمسن 11 رنز بنا کر کلدیپ یادو کو اُن کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹام لیتھم تھے جو 14 رنز بنا کر رویندرا جڈیجہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پانچویں وکٹ کے لیے ڈیرل مچل اور گلین فلپس کے درمیان 57 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

اس پارٹنرشپ نے نیوزی لینڈ کو بحران سے نکالا تاہم انڈین سپنروں کا دباؤ کیویز پر برقرار رہا۔

انڈیا کو پانچویں وکٹ گلین فلپس کی ملی جو 34 کے انفرادی سکور پر ورون چکراورتھی کی گیند پر میدان چھوڑ گئے۔

چھٹی وکٹ کے لیے ڈیرل مچل اور مائیکل بریسول کے درمیان 46 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔

نیوزی لینڈ کو چھٹا نقصان ڈیرل مچل کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو 63 رنز کی اننگز کھیل کر محمد شامی کی میچ میں پہلی وکٹ بن گئے۔

انڈیا کو ساتویں کامیابی کپتان مچل سینٹنر کی وکٹ کی صورت میں ملی جو 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ دبئی میں کھیلا جا رہا ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پورے ٹورنامنٹ میں انڈین ٹیم ناقابلِ شکست رہی ہے۔

نیوزی لینڈ کو ٹورنامنٹ میں ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے قبل دونوں ٹیمیں گروپ مرحلے میں بھی آپس میں ایک میچ کھیل چکی ہیں جس میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

انڈیا اور نیوزی لینڈ دوسری مرتبہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں مدمقابل ہیں۔

اس سے قبل 2000 میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے انڈیا کو چار وکٹوں سے ہرایا تھا۔

دونوں ٹیمیں اب تک 119 مرتبہ ون ڈے کرکٹ میں آمنے سامنے آ چکی میں۔

انڈیا نے 119 میں سے 61 میچز اپنے نام کیے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کو 50 میچوں میں جیت حاصل ہوئی۔

اس میچ میں انڈیا کی کپتان روہت شرما کر رہے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی قیادت مچل سینٹنر کے پاس ہے۔

نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں وِل ینگ، رچن رویندرا، کین ولیمسن، ڈیرل مِچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مائیکل بریسول، مِچل سینٹنر (کپتان)، کائل جیمیسن، نیتھن سمتھ اور وِل او رُورک شامل ہیں۔انڈیا کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے انڈیا کی پلیئنگ الیون میں روہت شرما (کپتان)، شبھمن گِل، وراٹ کوہلی، شریاس ایئر، اکشر پٹیل، کے ایل راہُل (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجہ، کلدیپ یادو، محمد شامی اور ورون چکراورتھی شامل ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More