چین نے پاکستان کے دو ارب ڈالر قرض کی مدت میں ایک سال کی توسیع کر دی

اردو نیوز  |  Mar 09, 2025

پاکستان کے وزیر خزانہ کے مشیر نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کے دو ارب ڈالر قرض کی مدت میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب آئی ایم ایف کا وفد سات ارب قرض کے پہلے جائزے کے لیے اسلام آباد میں ہے جس میں وہ قرض کی شرائط کے حوالے پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لے گا۔ جائزے کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو اضافی ایک ارب ڈالر دیے جائیں گے۔

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے تصدیق کی ہے کہ ’چین نے دو ارب ڈالر کا قرض ایک سال کے لیے رول اوور کیا ہے۔‘

فچ کے مطابق پاکستان کو مالی سال 2025 میں 22 ارب ڈالر سے زائد کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کو میکرواکنامک بحران پر قابو پانے کے لیے برآمدات بڑھانے، دیرپا معاشی اصلاحات اور معاشی ترقی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے تحت پاکستان نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات، ٹیکس نیٹ کو بڑھانے اور نقصان کے شکار حکومتی اداروں کو پرائیوٹائز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان گذشتہ سال نو ماہ کی مختصر مدت کا پروگرام مکمل کر کے آئی ایم ایف کے ساتھ کچھ اعتماد پیدا کرنے میں کامیاب رہا تھا۔ پاکستان میں قرضوں کے پچھلے پروگرام قبل از وقت ختم ہو گئے تھے یا اہم شرائط کو پورا کرنے میں اُس وقت کی حکومتوں کی ناکامی کے بعد تاخیر کا شکار ہوئے تھے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More