پاکستانی اداکار ناصر چنیوٹی نے تصدیق کی ہے کہ ہانیہ عامر بھارتی پنجابی فلم سردار جی 3 میں اہم کردار نبھا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ ہانیہ عامر بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ میں نظر آئیں گی۔
اب حال ہی میں تجربے کار پاکستانی اداکار ناصر چنیوٹی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سردار جی 3 میں میرے ساتھ پاکستان کی سُپر اسٹار ہانیہ عامر بھی ہیں۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ہانیہ کسی سائیڈ رول میں نہیں بلکہ فلم کے اہم کردار میں نظر آئیں گی۔
ناصر چنیوٹی نے بتایا کہ ہیرؤئن کا بھی کبھی کوئی سائیڈ رول ہوتا ہے؟ میں اس بارے میں زیادہ نہیں بتا سکتا لیکن ہانیہ عامر باکمال اداکارہ ہیں، انہوں نے بہت اچھا کام کیا ہے۔
اصر چنیوٹی نے یہ بھی کہا کہ فلم دیکھنے والوں کے لیے یہ سرپرائز ہو گا کہ ہانیہ پنجابی بولیں گی، سب یہی کہیں گے کہ اتنی اچھی پنجابی بولتی ہیں، انہوں نے پنجابی میں اداکاری کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی ایک جیسی انسٹا اسٹویز بھی سامنے آئی تھیں جن سے صارفین نے اندازہ لگایا تھا کہ دونوں فنکار ساتھ پراجیکٹ کر رہے ہیں تاہم دونوں کی جانب سے اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ فلم سردار جی 3 بھارتی پنجابی سنیما کی مشہور فرنچائز کا تسلسل ہے جس کی کاسٹ اور کہانی کو پروڈیوسر نے خفیہ رکھا ہوا ہے۔