’کینیڈی کو اس کے بھائی کی طرح ختم کر دینا چاہیے‘، خفیہ ریکارڈ منظرِعام پر

اردو نیوز  |  Apr 19, 2025

جون 1968 میں امریکہ کے سابق صدر جان ایف کینیڈی کے بھائی سینیٹر رابرٹ ایف کینیڈی کے قتل سے متعلق تقریباً 10 ہزار صفحات پر مشتمل ریکارڈ جاری کر دیا گیا ہے۔

ریکارڈ میں رابرٹ ایف کینیڈی کے قاتل کے ہاتھ سے لکھے نوٹ بھی شامل ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ڈیموکریٹک صدارتی اُمیدوار کو ’ختم کر دینا چاہیے۔‘ نوٹ میں سابق ں رابرٹ ایف کینیڈی کو قتل کرنے کے جنون میں مبتلا ہونے کا اعتراف بھی کیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق رابرٹ کینیڈی کے بھائی سابق صدر جان ایف کینیڈی کے قتل سے متعلق بہت سی فائلوں کو پہلے ہی پبلک کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر کو ڈیجیٹائز نہیں کیا گیا تھا۔

یہ اقدام امریکی صدر ٹرمپ کے حکم پر قومی رازوں کے مسلسل افشاء کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا ہے۔

رابرٹ ایف کینیڈی کو پانچ  جون 1968 کو لاس اینجلس کے ایمبیسیڈر ہوٹل میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس سے کچھ دیر قبل ہی انہوں نے کیلیفورنیا ڈیموکریٹک صدارتی پرائمری میں اپنی فتح کا اعلان کیا تھا۔

ان کے قاتل سرہان سرہان کو قتل کا مجرم قرار دیا گیا تھا اور وہ جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

فائلوں میں سرہان سرہان کے ہاتھ سے لکھے گئے نوٹ کی تصاویر بھی شامل ہیں۔

خالی لفافے کے باہر لکھا تھا کہ ’رابرٹ ایف کینیڈی کو ان کے بھائی کی طرح ختم کر دینا چاہیے۔‘ رابرٹ ایف کینیڈی کے بڑے بھائی صدر جان ایف کینیڈی کو 1963 میں قتل کر دیا گیا تھا۔

رابرٹ کینیڈی کے قتل سے متعلق دستاویزات میں قاتل کے جاننے والوں کے انٹرویوز شامل ہیں (فوٹو: اے پی)نیشنل آرکائیوز اینڈ ریکارڈز ایڈمنسٹریشن نے اپنی پبلک ویب سائٹ پر 229 فائلیں پوسٹ کی ہیں۔

یہ ریکارڈ جان کینیڈی کے قتل سے متعلق غیر ترمیم شدہ فائلوں کو پبلک کرنے کے ایک ماہ بعد سامنے آیا ہے۔

رابرٹ کینیڈی کے بیٹے رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر جو وزیر صحت ہیں، نے اس ریکارڈ کی ریلیز کو سراہا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’رابرٹ ایف کینیڈی کے ریکارڈ سے پردہ اُٹھانا امریکی حکومت پر اعتماد کی بحالی کی جانب ایک ضروری قدم ہے۔‘

رابرٹ کینیڈی کے قتل سے متعلق دستاویزات میں قاتل کے جاننے والوں کے انٹرویوز شامل ہیں۔ فائلوں میں ان افراد کے انٹرویوز کے نوٹ بھی شامل تھے جو سرہان سرہان کو مختلف حوالوں سے جانتے تھے جیسے کہ اُن کے ہم جماعت، پڑوسی اور ساتھی کارکن۔

کچھ نے انہیں ’ایک دوستانہ، مہربان شخص‘ کے طور پر بیان کیا جبکہ بعض نے ایک ’حوصلہ مند اور متاثر کن‘ نوجوان قرار دیا جو اپنے سیاسی نظریات پر قائم تھا اور تصوّف پر یقین رکھتا تھا۔

رابرٹ ایف کینیڈی کے بڑے بھائی صدر جان ایف کینیڈی کو 1963 میں قتل کر دیا گیا تھا (فوٹوز ڈاٹ کام)فائلوں کے مطابق سرہان نے کوڑا اُٹھانے والے شخص کو بتایا تھا کہ اس نے چار اپریل 1968 کو ریورنڈ مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کے قتل کے فوراً بعد کینیڈی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

صفائی کا کام کرنے والے سیاہ فام کارکن نے تفتیش کاروں کو آگاہ کیا کہ انہوں نے سرہان کو بتایا کہ وہ رابرٹ کینیڈی کو ووٹ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ وہ سیاہ فام لوگوں کی مدد کریں گے۔

جس پر سرہان نے جواب دیا کہ ’ٹھیک ہے، میں متفق نہیں ہوں۔‘ انہوں نے نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ میں اسے گولی مارنے کا منصوبہ بنا رہا ہوں۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More