چین، دنیا کا بلند ترین ڈیم تعمیر کے آخری مراحل میں

سچ ٹی وی  |  May 09, 2025

چین میں دنیا کے بلند ترین ڈیم کی تعمیر اختتامی مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ سیچوان میں زیرتعمیر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 'شوانگ جیانگ کو' میں پانی کو ذخیرہ کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پراجیکٹ میں پانی کو ذخیرہ کرنے کا عمل یکم مئی سے شروع ہوا جو ڈیم کو آپریشنل بنانے کی جانب اہم سنگ میل ہے۔ سطح زمین سے 315 میٹر بلند اس ڈیم میں 110 ملین کیوبک میٹر پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہوگی جبکہ سالانہ 2 ہزار میگاواٹ بجلی کا حصول ممکن ہوگا جس سے 80 لاکھ گھروں کو بجلی فراہم کی جاسکے گی۔

سیچوان کے Aba Tibetan اور جیانگ نامی علاقوں میں واقع اس منصوبے کی لاگت 4 ارب 90 کروڑ ڈالرز ہے اور اس کی تعمیر لگ بھگ 10 سال سے جاری ہے۔ تعمیر مکمل ہونے کے بعد اس ڈیم کو بجلی کی پیداوار اور سیلابی پانی کی روک تھام کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

اس ڈیم کو دریائے Dadu میں تعمیر کیا جا رہا ہے جو سطح مرتفع تبت سے بہتا ہوا سیچوان پہنچتا ہے۔ 315 میٹر بلند ڈیم کی بلندی کسی 100 منزلہ عمارت کے برابر سمجھی جاسکتی ہے اور یہ ابھی دنیا کے بلند ترین جنگ پنگ 1 ڈیم (جو سیچوان میں ہی واقع ہے) سے 10 میٹر زیادہ بلند ہے۔ پانی ذخیرہ کرنے کے پہلے مرحلے میں پانی کی سطح 2344 میٹر تک پہنچ گئی جو دریا کی حقیقی بلندی سے 80 میٹر زیادہ ہے۔

اسے تعمیر کرنے والی کمپنی پاور کنسٹرکشن کارپوریشن آف چائنا کے مطابق ڈیم کی تعمیر جاری ہے اور اس سے بجلی کی پیداوار 2025 کے آخر تک شروع ہونے کی توقع ہے۔ رپورٹ مں بتایا گیا کہ اس ڈیم کی تعمیر سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 7 لاکھ ٹن سے زیادہ کمی لانے میں مدد ملے گی جبکہ ماحول دوست توانائی کے حصول میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے چین دنیا میں سب سے آگے ہے اور وہاں 1950 کی دہائی کے بعد سے 15 میٹر سے زیادہ بلند 22 ہزار سے زائد ڈیموں کی تعمیر ہوئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More