"میں یہ نہیں کہتا کہ میری پہلی دو بیٹیاں کم اہم تھیں، لیکن جب یشمیرہ پیدا ہوئی، تو جیسے میری قسمت ہی بدل گئی۔ اُس کے آنے کے بعد مالی حالات بہتر ہونے لگے اور زندگی میں ایک نیا موڑ آ گیا۔"
یہ انکشاف کیا پاکستان کے سینئر اداکار شبیر جان نے حال ہی میں مدیحہ نقوی کے پروگرام میں شرکت کے دوران، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کی جدوجہد، بدلتی قسمت اور ذاتی سفر پر کھل کر بات کی۔
شبیر جان، جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے سنہری دور سے کیا، آج بھی ڈرامہ انڈسٹری میں ایک معتبر مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کے نشیب و فراز کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پہلی شادی سے دو بیٹیوں کے والد تھے، لیکن زندگی میں مالی مشکلات کا سامنا تھا۔ تاہم، دوسری شادی سے پیدا ہونے والی بیٹی یشمیرہ کی پیدائش نے جیسے ان کی زندگی کا رخ ہی موڑ دیا۔
انہوں نے جذباتی انداز میں بتایا کہ یشمیرہ ان کے لیے خوش بختی کی علامت بن کر آئی۔ اس کی پیدائش کے ساتھ ہی انہیں کام میں استحکام ملا، مالی حالات سنبھلے اور کامیابیوں کا راستہ ہموار ہوا۔
یاد رہے کہ یشمیرہ شبیر جان اور ان کی دوسری اہلیہ، معروف اداکارہ فریدہ شبیر کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے چند ڈراموں میں اداکاری کی، جن میں "غیر" شامل ہے، اور بعد ازاں شادی کے بعد شوبز کو خیر باد کہہ دیا۔