لائیو: نو مئی مقدمات میں سزا پانے والے چار ملزمان اسلام آباد ہائیکورٹ سے بری

اردو نیوز  |  Jul 03, 2025

اہم نکاتپشاور ہائیکورٹ میں سوات حادثے کی تحقیقات کے لیے دائر درخواستوں کی سماعتبلوچستان یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں میں تصادم، پانچ زخمیگورنر کی اتنی حیثیت نہیں کہ میری حکومت گرائے، وزیراعلٰیمعیشت میں شفافیت کے لیے ڈیجیٹل ٹرانزیکشن سسٹم ناگزیر ہے: وزیراعظمپاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئےنو مئی مقدمات میں سزا پانے والے چار ملزمان اسلام آباد ہائیکورٹ سے بریاسلام آباد ہائیکورٹ نے 9 مئی مقدمات میں سزا پانے والے چار ملزمان کو بری کر دیا ہے۔

انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے چار کارکنان کو 10 سال  سزائیں کی سزائیں سنائی تھیں۔

ہائیکورٹ نے انسداد دہشتگری عدالت کا فیصلہ کلعدم قرار دے دیا

ہائیکورٹ کے جسٹس خادم سومرو اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے مجرموں کی جانب سے سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

بری کیے جانے والوں میں سہیل خان، شاہزیب، اکرم اور میرا خان شامل ہیں۔ 

گورنر کی اتنی حیثیت نہیں کہ میری حکومت گرائے، وزیراعلٰی

خیبر پختوںخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے کے گورنر کی اتنی حیثیت نہیں کہ حکومت گرائے۔

جمعرات کو پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی اپنے علاقے سے کونسلر کا الیکشن نہیں جیت سکتے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سوات حادثے میں سیاحوں کی اموات کے بعد واقعے کی انکوائری ہو رہی ہے۔ ’جہاں جس کی غفلت پائی گئی کارروائی کریں گے،‘

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی طاقتور نہیں، تجاوزات جس نے بھی کی ہوں اُن کو ختم کیا جائے گا۔ صوبے میں جہاں پر بھی تجاوزات ہیں اس کے خلاف آپریشن شروع کر رہے ہیں۔

بلوچستان یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں میں تصادم، پانچ زخمی

بلوچستان یونیورسٹی کوئٹہ میں دو طلبہ تنظیموں میں تصادم کے نتیجے میں پانچ طلبہ زخمی ہوگئے۔ یونیورسٹی انتظامیہ اور پولیس نے ہاسٹل خالی کرا لیے۔

یونیورسٹی کیمپس پولیس سٹیشن کے مطابق بدھ کو یونیورسٹی کے اندر بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور پشتون سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے طلبہ کے درمیان تصادم ہوا جس میں لاٹھیوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ جھڑپ میں پانچ طلبہ زخمی ہوئے۔

کیمپس پولیس تھانے کے ایک اہلکار بلال احمد نے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی ہدایت پر پولیس نے بوائز ہاسٹل خرالی کرائے۔

رات گئے ہاسٹل خالی کرانے پر دور دراز سے آنے والے طلبہ پریشان ہو گئے۔ ایک طالبعلم عبداللہ نے بتایا کہ اُن کا کوئٹہ میں کوئی رشتہ دار ہے اور نہ ہی اُن کے پاس اتنی رقم ہے کہ کسی ہوٹل میں ٹھہرتے اس لیے آدھی رات سڑک پر گزاری۔

پشاور ہائیکورٹ میں سوات حادثے میں جانی نقصان کے بعد دائر درخواستوں کی سماعت

پشاور ہائیکورٹ میں سوات حادثے کی تحقیقات اور دریاؤں کو محفوظ بنانے کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران صوبائی انسپکشن ٹیم کے سربراہ نے عدالت کو بتایا ہے کہ واقعہ متعدد محکموں کی غفلت اور کوتاہی کے باعث پیش آیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے سامنے اپنے بیان میں چئیرمین انکوائری کمیٹی نے کہا کہ ’سانحے کے بعد سوات کا دورہ کیا رپورٹ بنا رہے ہیں، مختلف محکموں کی جانب سے کئی کوتاہیاں سامنے آئی ہیں۔‘

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ جب رپورٹ بنے گی تو تمام چیزیں سامنے لائیں گے۔

چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ کمشنر ملاکنڈ اور آر پی او ملاکنڈ باقاعدہ رپورٹ جمع کرائیں۔

پاکستان ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میںجاپان کے خلاف فتح، پاکستان ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپیئن شپ 2025 کے فائنل میں پہنچ گیا#Pakistan #netball pic.twitter.com/QgqLmT2LdO

— Urdu News (@UrduNewsCom) July 3, 2025

 

پاکستان ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔جنوبی کوریا میں جاری ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 کے سیمی فائنل میچ میں پاکستان نے جاپان کو شکست دے دی ہے۔

پاکستان کی ٹیم نے 39 کے مقابلے میں 64 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔

معیشت میں شفافیت کے لیے ڈیجیٹل ٹرانزیکشن سسٹم ناگزیر ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت میں شفافیت لانے کے لیے ڈیجیٹل ٹرانزیکشن سسٹم ناگزیر ہے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں ’کیش لیس و ڈیجیٹل معیشت‘ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں اور کاروباری اداروں کے درمیان ادائیگیوں کو آسان بنانے، ڈیجیٹل سسٹم کےاستعمال کے  بارے میں آگاہی بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کیش لیس اکانومی کے حوالے سے قائم کردہ کمیٹیاں تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر قابل عمل  تجاویز پیش کریں۔

وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پچھلے اجلاس قائم کی گئی ڈیجیٹل پیمنٹس انوویشن اینڈ ایڈوپشن کمیٹی، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کمیٹی اور گورنمنٹ پیمنٹس کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہیں۔

اجلاس میں ڈیجیٹل پیمنٹس انوویشن اینڈ ایڈوپشن کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹیوں نے معیشت کی ڈیجیٹایزیشن کے حوالے سے تجاویز اور حکمت عملی پر بریفنگ دی۔

پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر سے بڑھ گئے

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر 14 ارب 51 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔

بینک کی جانب سے گزشتہ مالی سال کے اختتام پر 30 جون تک پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

بیان کے مطابق ختم ہونے والے مالی سال میں پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر میں پانچ ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سنہ 2024 کے مالی سال کے اختتام پر پاکستان کے فاریکس ذخائر 9 ارب 39 کروڑ ڈالر ہیں، جو کہ سنہ 2018 کے آغاز کے بعد سے اب تک بلند ترین سطح ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More