معروف اداکار اور میزبان احمد علی بٹ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر وضاحتی پیغام جاری کرتے ہوئے اداکارہ حمیرہ اصغر کے انٹرویو کو دوبارہ اپ لوڈ کرنے پر ویوز حاصل کرنے کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد صرف یہ تھا کہ لوگ مرحومہ حمیرہ کی اصل زندگی اور ان کی جدوجہد کو ان کے اپنے الفاظ میں جان سکیں، کیونکہ سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں غلط اور گمراہ کن معلومات گردش کر رہی تھیں۔
واضح رہے کہ احمد علی بٹ نے 2024 میں حمیرہ اصغر کا ایک انٹرویو کیا تھا، جب وہ شوبز انڈسٹری میں نووارد تھیں۔ اس وقت انٹرویو کو محدود توجہ ملی تھی اور یہ یوٹیوب پر خاموشی سے موجود رہا۔ تاہم، حمیرہ اصغر کی حالیہ المناک موت کے بعد ان کی زندگی اور کیریئر میں عوامی دلچسپی بڑھ گئی، جس کے تناظر میں احمد علی بٹ نے وہی انٹرویو دوبارہ اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کیا۔
دوبارہ اپ لوڈ کی گئی ویڈیو کے تھمب نیل میں نمایاں تبدیلی کی گئی، جس میں "Last Interview"، "Rest In Peace" اور "انا للہ وانا الیہ راجعون" کے الفاظ کے ساتھ حمیرہ کی سیاہ و سفید تصویر شامل کی گئی، تاکہ ان کی وفات کی حقیقت کو اجاگر کیا جا سکے۔
اس بار ویڈیو نے ایک دن میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ویوز حاصل کر لیے، جبکہ اصل اپ لوڈ اس سطح تک نہیں پہنچ سکا تھا۔
احمد علی بٹ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ مرحومہ کے نام پر غلط معلومات اور افواہیں پھیلا کر یوٹیوب پر ویوز اور پیسہ بنانے میں مصروف ہیں، اور اسی وجہ سے اصل پوڈکاسٹ دوبارہ شیئر کیا گیا تاکہ لوگ خود مکمل گفتگو دیکھ کر حقیقت جان سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام محض مرحومہ کی زندگی کی اصل جدوجہد کو سامنے لانے کے لیے کیا گیا، نہ کہ ویوز یا مالی فائدے کے لیے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کریں، کیونکہ حمیرا اصغر اب اس دنیا میں نہیں رہیں اور ان کے نام پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔