مونس علوی عہدے پر دوبارہ تقرری کے دوسرے روز ہی فارغ، فیصلہ چیلنج کرنے کا عندیہ

ہماری ویب  |  Jul 31, 2025

کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر( سی ای او) سید مونس عبداللہ علوی کو صوبائی محتسب سندھ نے خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں عہدے سے برطرف کرنے کا حکم دے دیا ہے جبکہ مونس علوی نے فیصلے کو چیلنج کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ حکم ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مونس علوی کی سی ای او کے طور پر تعیناتی ختم ہونے کے بعد 30 جولائی کو ان کی دوبارہ تقرری کی گئی تھی اور دوبارہ تقرری کا دوسرا روز ہی تھا کہ انہیں عہدے سے برطرف کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

مونس علوی کی دوبارہ تقرری کا فیصلہ 7 جولائی کو کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس میں کیا گیا تھا جب کہ اس اجلاس سے قبل ہی خبریں گردش کررہی تھی کہ انہیں ہٹا یا جارہا ہے اور ان کی جگہ کسی اور سی ای او کی تقرری کی جارہی ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے مونس علوی کو ادارے کے اندر مخالفت کا سامنا ہے، کئی افسران اور اسٹیک ہولڈرز انہیں سی ای او کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتے۔ صوبائی محتسب کا فیصلہ آنے کے بعد مونس علوی کی جانب سے ایکس پر ردعمل دیا گیا لیکن ادارے کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا جس کو معنی خیز سمجھا جارہا ہے۔ مونس علوی نے کہا کہ وہ اس فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے اپنی قانونی ماہرین سے مشاورت کررہے ہیں ۔

یاد رہے کہ صوبائی محتسب نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی کو ایک خاتون ملازم کو ہراساں کرنے کے مقدمے میں عہدے سے برطرف کرنے کا حکم دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق مونس علوی پر پچیس لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جو متاثرہ خاتون کو ادا کیا جائے گا۔

فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر جرمانے کی رقم ادا نہ کی گئی تو ملزم کی جائیداد ضبط کر لی جائے گی اور اس کا قومی شناختی کارڈ بھی منسوخ کر دیا جائے گا۔

درخواست گزار خاتون کے مطابق ان کی 2019 میں بطور چیف مارکیٹنگ آفیسر تقرری ہوئی تھی جس کے بعد مونس علوی انہیں بارہا رات کے کھانے پر ساتھ جانے کے لیے مجبور کرتے رہے۔ خاتون نے الزام لگایا کہ مونس علوی ان کے جسمانی خد و خال پر نازیبا جملے کستے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More