Getty Imagesحیدر علی کو گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے اور بیل پر رہائی کے بعد عارضی طور پر معطل کر دیا
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی کو گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے اور ضمانت پر رہائی کے بعد عارضی طور پر معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حیدر علی سے متعلق روئٹرز سمیت متعدد خبر رساں اداروں کی جانب سے یہ خبر سامنے آئی کہ انھیں مانچسٹر پولیس کی جانب سے ایک خاتون کی شکایت پر حراست میں لیا گیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’4 اگست 2025 کو خاتون کی جانب سے شکایت کرنے کے بعد ایک 24 سالہ شخص کو گرفتار کیا۔‘
گریٹر مانچسٹر پولیس کے مطابق ’یہ واقعہ 23 جولائی 2025 کو مانچسٹر کے ایک علاقے میں پیش آیا۔ تاہم گرفتار ہونے والے شخص (حیدر علی) کو مزید پوچھ گچھ تک ضمانت دے دی گئی ہے۔ تاہم وہ تحقیقات مکمل ہونے تک برطانیہ نہیں چھوڑ سکتے۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے گذشتہ شب جاری ہونے والے ایک بیان میں کرکٹر حیدر علی کو مانچسٹر پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے کے معاملے پر کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے کرکٹر حیدر علی کے خلاف کی جانے والی مجرمانہ تحقیقات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ یہ تحقیقات پاکستان شاہینز کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے سے متعلق ہیں۔‘
Getty Images
پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ حیدر علی کے خلاف گریٹر مانچسٹر پولیس تفتیش کر رہی ہے اور قومی کرکٹر کو پی سی بی کی جانب سے قانونی معاونت فراہم کی گئی ہے۔
پی سی بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پی سی بی برطانیہ کے قانونی طریقہ کار کا مکمل احترام کرتا ہے اور اس کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔ پی سی بی نے حیدر علی کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے اور تمام حقائق سامنے آنے کے بعد پی سی بی اپنے ضابطہ اخلاق کے تحت مناسب کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ جب تک قانونی عمل اپنے اختتام تک نہیں پہنچ جاتا، پی سی بی اس معاملے پر مزید تبصرہ نہیں کرے گا۔‘
حیدر علی سے متعلق یہ خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی کرکٹ فینز کی جانب سے شدید ردِ عمل سامنے آیا ہے متعدد لوگ اس بارے میں اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
جن پاکستانی کرکٹرز پر منشیات کے استعمال کا الزام لگاپاکستان کی کرکٹ کے ’متنازع‘ کھلاڑیوں میں کون کون شامل؟پاکستان کرکٹ ٹیم کو حفیظ کاردار یا عمران خان جیسا سخت گیر کپتان ہی کیوں چاہیے؟نیاز سٹیڈیم حیدرآباد میں وسیم اکرم کا مجسمہ: ایک تو صورت وہ نہیں اوپر سے 1999 کی تلخ یاد، سوشل میڈیا پر فینز سخت نالاںحیدر علی کہ برطانیہ میں مقدمے میں ملوث ہونے پر سوشل میڈیا پر آنے والا ردِ عمل
فرقان اشفاق نامی ایک ایکس یوزر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’حیدر علی گزشتہ 8 ماہ سے ایک اچھی فارم میں تھے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے مگر اب وہ ایک متنازع قانونی کارروائی اور ایک مقدمے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ اوہ! آپ نے کیا کیا ہے، سلیکٹرز آپ کو پاکستان ٹیم میں واپس لانے کے بارے میں سوچ رہے تھے۔‘
Getty Imagesسنہ 2020 میں ڈیبیو کرنے والے حیدر علی اب تک 35 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کے ساتھ ساتھ دو ون ڈے میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چُکے ہیں
شہزاد نامی ایک ایکس صارف نے اپنی ایک پوسٹ میں جہاں حیدر علی سے متعلق خاتون کی شکایت اور پھر اس پر انھیں پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے کا ذکر کیا وہیں انھوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا ہے کہ ’پی سی بی کو چاہیے کہ وہ اپنے کرکٹرز کو مُلک سے باہر بھیجنے سے پہلے انھیں بنیادی تربیت تو دیں کہ وہاں جا کر انھوں نے وقت کیسے گُزارنا ہے۔‘
شہزاد کی ہی طرح عائشہ رحمان نامی ایک ایکس یوزر نے بھی کرکٹر پر شدید تنقید کی اور اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’نام روشن کر رہے ہیں پاکستان کا یہ نااہل کرکٹر۔‘
فیضان علی خان نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ ’حیدر علی کے خلاف مانچسٹر پولیس نے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پی سی بی کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور بظاہر لگتا ہے کہ ایک اور ابھرتا ہوا نوجوان اپنے کیریئر کو ختم کروا چکا ہے۔‘
تاہم علی خرم صدیقی نے حیدر علی سے متعلق ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’وہ ذاتی دورے پر نہیں بلکہ پاکستان کے لیے وہاں گئے تھے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ پی سی بی سٹینڈ لیتا اور اپنی قانونی مدد حیدرعلی کو فراہم کرتا۔ انھیں تنہا چھوڑ دینا اور سزا سے پہلے معطل کرنا افسوسناک ہے۔ ہوسکتا ہے کہ انھیں ہنی ٹریپ کیا گیا ہو۔‘
حیدر علی نے سنہ 2020 میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے اب تک 35 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کے ساتھ ساتھ دو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو حفیظ کاردار یا عمران خان جیسا سخت گیر کپتان ہی کیوں چاہیے؟نیاز سٹیڈیم حیدرآباد میں وسیم اکرم کا مجسمہ: ایک تو صورت وہ نہیں اوپر سے 1999 کی تلخ یاد، سوشل میڈیا پر فینز سخت نالاںپاکستان کی کرکٹ کے ’متنازع‘ کھلاڑیوں میں کون کون شامل؟کھیلوں کے معاملات اور حکمرانوں کے جذباتی فیصلےکیا ایسے ختم ہو گی عمر اکمل کی کہانی؟شرارتی جاوید میانداد جنھیں ابتدا میں صرف فیلڈنگ کے لیے میدان میں اُتارا جاتا تھا