سوڈان میں لینڈ سلائیڈنگ سے گاؤں دب گیا، ہزار سے زیادہ افراد ہلاک

اردو نیوز  |  Sep 02, 2025

سوڈان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پورا ایک گاؤں دب گیا جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے سوڈان لبریشن موومنٹ آرمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ مغربی سوڈان کے مَرہ نامی پہاڑی علاقے میں پیش آیا جہاں بارش لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ بنی اور نیچے آنے والے پتھروں نے پہاڑی کے دامن میں واقع گاؤں کو لپیٹ میں لے لیا۔

رپورٹ کے مطابق موومنٹ کے کارکن عبدالواحد محمد نور نے ایک بیان میں کہا کہ کئی روز کی بارش کے بعد 31 اگست کو اچانک مذکورہ علاقے میں بہت بڑی لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔

دارفور کے علاقے پر کنٹرول رکھنے والی تحریک کے حکام نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی امدادی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملبے تلے لوگوں کی لاشوں کو نکالنے میں مدد کریں، جن میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

بیان کے مطابق ’اب وہ گاؤں بالکل زمین کی سطح کے برابر آ چکا ہے۔‘

رپورٹ کے مطابق دارفور ریاست میں سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان شدید جنگ کی وجہ سے لوگ جان بچا کر مَرہ نام کے پہاڑی علاقے کی طرف گئے تھے جہاں خوراک اور ادویات کی بھی شدید کمی ہے۔

 دو برس سے جاری خانہ جنگی کے باعث ملک کی تقریباً آدھی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، وہاں خوراک کے سامان کا فقدان ہے جبکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے گھر بھی ہوئے ہیں۔

 اس وقت بھی شمالی دارفور کے دارالحکومت الفاشر میں شدید لڑائی جاری ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More