کراچی میں میں دن دہاڑے کیش وین سے ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں مسلح ملزمان 2 کروڑ 32 لاکھ 84 ہزار 580 روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ واردات کلمہ چوک نیا ناظم آباد کے قریب پیش آئی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز پانچ مسلح ملزمان نے بینک کے باہر کیش وین کو روک کر نیا ناظم آباد سوسائٹی کے اسٹاف سے رقم چھینی اور جاتے جاتے سیکیورٹی اہلکار سے اسلحہ بھی لے گئے۔ واقعے کا مقدمہ سیکیورٹی سپروائزر کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ڈکیتی کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعے کی تفصیلات طلب کرلیں۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے۔
پولیس حکام کے مطابق واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد گرفتاریوں کی امید ہے۔