’صابر صاحب، یہ فیک نیوز ہے‘: جب رکن سندھ اسمبلی نے کرکٹر معین خان کی مغفرت کے لیے دعا کی درخواست کی

بی بی سی اردو  |  Dec 05, 2025

پاکستان کے صوبہ سندھ کی اسمبلی میں ایک کرکٹر کی وفات کی خبر پر سپیکر سے دعا کرنے کی درخواست کی گئی مگر اس پر رکن کو باور کرایا گیا کہ وہ تو فیک نیوز تھی۔

سندھ اسمبلی کی روایت کے مطابق اجلاس کی کارروائی سے قبل مرحومین کی مغفرت کے لیے دعا کی جاتی ہے، جیسے کوئی سیاستدان، نامور شخصیت یا دہشتگردی اور حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد۔

جمعے کی صبح سپیکر اویس شاہ کی سربراہی میں جیسے ہی اجلاس شروع ہوا اور دعا کے لیے مختلف نام آئے تو اس دوران ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی صابر قائمخانی نے کہا کہ ’کرکٹ کے عظیم نام معین خان کا انتقال ہو گیا۔‘

اور پھر انھوں نے معین خان کے لیے دعا کرنے کی گزارش کی۔

اس پر سپیکر اویس شاہ نے ان کی درستگی کی کہ ’صابر صاحب، یہ معین خان سے متعلق فیک نیوز ہے۔ اللہ معاف کرے وہ بالکل صحت یاب ہیں۔‘

اس پر صابر قائمخانی نے کہا کہ ’اس بات پر سب کو دکھ ہوا۔ میں معذرت چاہتا ہوں۔‘

بعد میں صابر قائمخانی نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے سوشل میڈیا کے کسی پلیٹ فارم پر معین خان کی وفات کی خبر دیکھی تھی اور نوٹ کر لیا تھا کیونکہ وہ ملک کی ایک بڑی شخصیت ہیں۔

صابر قائمخانی کے مطابق انھوں نے اپنی اس لاعلمی پر ایوان میں معذرت بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے سپیکر کو گزارش کی کہ ایسی فیک نیوز کی روک تھام کے لیے سدباب ضروری ہے۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر وفات کی فیک نیوز آنے کے بعد معین خان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام بھی ڈالا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پوسٹیں غیر ذمہ دارانہ ہیں کیونکہ وہ بالکل صحت مند ہیں۔

انھوں نے کہا تھا کہ ’سبھی چاہنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں بہت صحت مند ہوں اور زندگی سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔‘

دریں اثنا معین خان نے آج کراچی میں پاکستان انڈر 19 کیمپ کا بھی دورہ کیا جہاں ان کی نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ ماضی میں ایک پاکستانی اخبار نے اپریل 2011 میں پاکستان کے لیجنڈری اداکار اور کامیڈین معین اختر کی وفات کی خبر پر کرکٹر معین خان کی تصویر شائع کر دی تھی۔

معین خان 92 کا ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ

معین خان پاکستان کے سابق وکٹ کیپر اور دائیں ہاتھ کے بلّے باز ہیں جنھوں نے پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی بھی کی۔

معین خان 92 کا ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا بھی حصہ تھے اور کئی یادگار میچوں میں ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد معین خان کوچنگ، سلیکشن اور کرکٹ مینجمینٹ کے شعبوں میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مختلف ذمہ داریاں ادا کرتے رہے ہیں۔

دنگل فلم کی سوہانی بھٹناگر: پٹھوں کی نایاب بیماری جس نے نوجوان اداکارہ کی جان لے لیگھر آئے مہمان کو غلطی سے گولی لگنے پر میزبان کی دل کا دورہ پڑنے سے موتامریکہ میں 15 برس میں پہلی بار فائرنگ سے سزائے موت پانے والے مجرم نے ’مرنے سے پہلے کے ایف سی کھانے کی خواہش کی‘
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More