انڈونیشیا میں شراب نوشی اور شادی کے بغیر سیکس پر جوڑے کو سرعام 140 کوڑوں کی سزا

بی بی سی اردو  |  Jan 30, 2026

Getty Imagesسرعام کوڑوں کی سزا دیکھنے والی ایک خاتون رو رہی ہیں

انڈونیشیا میں ایک جوڑے کو شادی کے بغیر سیکس کرنے اور شراب نوشی پر سرِعام 140 کوڑے مارنے کی سزا دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق انڈونیشیا کے صوبہ آچے میں اس جوڑے کو سرِعام 140 کوڑوں کی سزا دی گئی۔

21 سالہ خاتون کو جب کوڑے مارے گئے تو اس دوران وہ بے ہوش ہو گئیں۔ تین خواتین اہلکار باری باری انھیں ’بید کی چھڑی‘ سے کوڑے مارتی رہیں جبکہ وہ روتی رہیں۔

اس جوڑے کو یہ سزا عوام کے ہجوم کے سامنے ایک سٹیج پر دی گئی۔ بے ہوش ہونے کے بعد خاتون کو سٹیج سے اٹھا کر ایمبولینس میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

یہ سزا جمعرات کے روز دی گئی، جس میں مذکورہ جوڑے کے ساتھ مزید چار افراد کو بھی کوڑے مارے گئے۔ سزا پانے والوں میں اسلامی پولیس فورس کے ایک اہلکار بھی شامل تھے جو شریعت کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔

اسلامی پولیس فورس کے اہلکار کو ان کی ساتھی خاتون سمیت 23 کوڑے مارے گئے کیونکہ وہ ایک گھر میں تنہائی میں اکٹھے پائے گئے تھے۔

اسلامی پولیس کے سربراہ محمد رضال نے بی بی سی انڈونیشین کو بتایا کہ مذکورہ اہلکار کو فورس سے بھی برطرف کر دیا جائے گا۔

انڈونیشیا کے صوبہ آچے میں شریعت کی خلاف ورزی پر سرِعام کوڑوں کی سزا عام تو ہے تاہم انسانی حقوق کی تنظیمیں اس عمل کو ’ظالمانہ‘ قرار دیتی ہیں۔

آچے کے اسلامی فوجداری قانون کے مطابق شادی کے بغیر جنسی تعلقات قائم کرنے پر 100 کوڑوں کی سزا مقرر ہے جبکہ شراب نوشی پر 40 کوڑوں کی سزا دی جاتی ہے۔

انڈونیشیا میں انسانی حقوق کے گروپ ’کونٹراس‘ کے صوبائی کوآرڈینیٹر اظہر الحسنہ کا کہنا ہے کہ ’کوڑوں کی سزا کے ضوابط اور طریقہ کار کو درست انداز میں نافذ نہیں کیا جاتا۔ ان قوانین کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سزا کے بعد متاثرہ افراد کو سہارا دیا جا سکے۔‘

واضح رہے کہ آچے انڈونیشیا کا وہ واحد صوبہ ہے جہاں اسلامی شرعی قوانین نافذ ہیں اور کئی جرائم کی سزا سرِعام کوڑوں کی شکل میں دی جاتی ہے۔

ایک ہزار کوڑوں کی سزا پانے والے سعودی بلاگر 10 سال بعد رہا’میں نے ایک پولیس افسر پر ریپ کا الزام لگایا لیکن میرے خلاف ہی مقدمہ بنا دیا گیا‘اسلام آباد میں گھریلو تشدد کے نئے قانون میں ’طلاق اور دوسری شادی کی دھمکی‘ قابل سزا جرم کیوں ہے؟کِرنجیت: تشدد سے تنگ آ کر شوہر کو جلا دینے والی خاتونگروک اے آئی کا خواتین کی نیم برہنہ تصاویر بنانے کے لیے استعمال: ’نامناسب مواد بنانے کا عمل تکنیکی خامی نہیں، کاروباری انتخاب ہے‘
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More