’خوشی ہے ایران اور امریکہ نے اعتماد کا اظہار کیا‘: اسلام آباد میں چار وزرائے خارجہ کی ملاقات اور ٹرمپ کا بیان

بی بی سی اردو  |  Mar 30, 2026

مصر، ترکی اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کی آمد کے باعث اتوار کو پاکستان کا دارالحکومت سفارتی سرگرمیوں اور ملاقاتوں کا مرکز بنا رہا۔ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے تناظر میں اسلام آباد میں ہونے والی ملاقاتوں کو اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔

اتوار کو تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں چار ملکی اجلاس میں شرکت کی، جس کے بعد اتوار کو رات گئے تینوں وزرائے خارجہ واپس روانہ ہو گئے۔

اجلاس کے بعد جاری کیے گئے بیان میں پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاکہ ’پاکستان آنے والے دنوں میں امریکہ اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کی میزبانی میں فخر محسوس کرے گا، تاکہ اس تنازع کے دیرپا اور مستقل حل کی کوئی راہ نکل سکے۔‘

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اُنھیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ’امریکہ اور ایران نے پاکستان کی سہولت کاری میں مذاکرات پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ مصر، ترکی اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کی جانب سے اس تنازع کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں پر اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں چار وزرائے خارجہ کا مشاورتی اجلاس اس سے پہلے 19 مارچ کو ریاض میں ہونے والے اس نوعیت کے پہلے مشاورتی اجلاس کا دوسرا حصہ تھا۔

پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ کو امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے ممکنہ مذاکرات کے بارے میں آگاہ کیا، جنھوں نے اس معاملے میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر ان کی چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ٹیلیفون پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

’چین ایران اور امریکہ مذاکرات کی میزبانی کے لیے پاکستان کے اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی ٹیلی فونک بات چیت ہوئی۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل نے بھی پاکستان کے امن اقدام کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ اور وزیر اطلاعات تصدیق کر چکے ہیں کہ اسلام آباد، واشنگٹن اور تہران کے مابین مذاکرات کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس حوالے سے اسلام آباد میں مذاکرات کی تیاریاں بھی ہو رہی ہیں۔

امریکی صدر کے مشرق وسطی کے لیے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف نے بھی تصدیق کی تھی کہ پاکستان اس معاملے میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستان کی ثالثی میں امریکہ کی ایران سے بالواسطہ بات چیت: کیا اسلام آباد امن معاہدہ کروا سکے گا؟جے شنکر کے بیان پر انڈیا اور پاکستان دونوں میں مایوسی: ’ہماری سفارتی ناکامی نے ایک ٹوٹے ہوئے ملک کو ثالث بنا دیا‘’پاکستان کا قد اونچا ہو جائے گا‘: ایران جنگ، اسلام آباد کی سفارت کاری اور دلی کے خدشات’گلف نیٹو‘ کا خواب: خلیجی ممالک کی رقابتیں، امریکی اثر و رسوخ اور پاکستان کا ممکنہ کردارتین ممالک کے وزرائے خارجہ کی اسلام آباد میں مصروفیات

واضح رہے کہ مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر العاطی اور ترک وزیر خارجہ حقان فیدان سنیچر کی شب اس چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچے تھے۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود ان مذاکرات میں شرکت کے لیے اتوار کی دوپہر اسلام آباد پہنچے تھے۔

چار ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد پاکستانی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ مصر اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے بھی شہباز شریف ملاقات کی ہے۔

بیان کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف نے دونوں وزرائے خارجہ کو پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ایران سمیت متعدد برادر مسلم ممالک میں جاری کشیدگی کے نتیجے میں قیمتی جانوں، معیشت اور املاک کا بھاری نقصان ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کشیدگی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

اسحاق ڈار کی پوسٹ اور صدر ٹرمپ کا بیان

اس سے قبل سنیچر کو اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’مجھے ایک بڑی خبر بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ حکومت ایران نے پاکستانی پرچم والے مزید 20 بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ روزانہ دو جہاز آبنائے سے گزریں گے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’ایران کی طرف سے یہ ایک خوش آئند اور تعمیری اقدام ہے اور لائق تحسین ہے۔ یہ امن کا ضامن ہے اور اس سے خطے میں استحکام لانے میں مدد ملے گی۔‘

اسحاق ڈار کی اس پوسٹ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر شیئر کیا۔

بعدازاں ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’ہمارے ایران کے ساتھ براہ راست اور بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں۔ پہلے اُنھوں نے 10 بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے اور اب اُنھوں نے ہمارے احترام میں 20 تیل سے لدے بحری جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی ہے۔‘

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’ہم ان مذاکرات میں بہت اچھا کر رہے ہیں، لیکن آپ ایران کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ کسی ڈیل پر پہنچ جائیں گے۔ ہم پہلے ہی رجیم تبدیل کر چکے ہیں، کیونکہ اب ہم جن افراد سے گفتگو کر رہے ہیں، وہ پہلے والوں سے مختلف ہیں اور میں اسے رجیم چینج ہی قرار دُوں گا۔‘

’مسلم کواڈ‘ کی اہمیت

چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے پر سوشل میڈیا پر بھی بات ہو رہی ہے اور ماہرین بھی اس پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔

سینئر سیاست دان اور سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے ایکس پر لکھا کہ ’مسلم کواڈ میٹ‘ کی تین گنا اہمیت ہے۔ ایک یہ کہ یہ تنازعات کے حل کے لیے اسلامی دُنیا کے اندر پہلا اجتماعی اقدام ہے۔ یہ قابل اعتبار ہے، کیونکہ اس میں پاکستان اور ترکی شامل ہیں۔‘

دوسرا یہ کہ ’اس میں ایران کے پڑوسی دو اہم ممالک شامل ہیں جبکہ تیسرا اہم پہلو یہ ہے کہ جنگ کے دوران ایران اور امریکہ، دونوں نے اسلام آباد پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔‘

سینئر صحافی اور تجزیہ کار نصرت جاوید نے ایکس پر لکھا کہ ’چاروں ممالک کو ایک ’چمکدار‘ مشترکہ اعلامیے جاری کرنے کے بجائے فی الحال خاموش سفارتکاری کے ذریعے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات پر تبادلہ خیال کرنا چاہیے۔‘

صحافی اور تجزیہ کار نسیم زہرا نے ایکس پر لکھا کہ اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کا اجلاس ’ایک نازک عمل کا صرف آغاز ہے۔ ایک ایسے وقت میں ہے جب دنیا کا بیشتر حصہ یا تو فریقوں کا انتخاب کر چکا ہے یا سٹریٹجک خاموشی اختیار کر چکا ہے، پاکستان نے اس سے کہیں زیادہ سخت کوشش کی ہے۔‘

’پاکستان نے کھل کر جنگ کی مخالفت کی ہے اور حملے کی زد میں آنے والی ریاست کا ساتھ دیا ہے اور اب بھینتائج پر اثر انداز ہونے کے قابل تمام فریقوں کے ساتھ مصروف عمل ہے۔‘

پاکستان کی ثالثی میں امریکہ کی ایران سے بالواسطہ بات چیت: کیا اسلام آباد امن معاہدہ کروا سکے گا؟’گلف نیٹو‘ کا خواب: خلیجی ممالک کی رقابتیں، امریکی اثر و رسوخ اور پاکستان کا ممکنہ کردارشہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی ولی عہد سے ملاقات اور ایران جنگ کے پس منظر میں پاکستان کے سٹریٹیجک خدشات’پاکستان کا شکریہ‘: ایران جنگ کے دوران عراقچی کا بیان جو اسلام آباد کی ’محتاط‘ حکمت عملی کی طرف اشارہ ہےایران اور امریکہ اسرائیل کی جنگ کی وجہ سے مال بردار جہاز کراچی کا رخ کیوں کر رہے ہیں؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More