EPAامریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی مشروط جنگ بندی کا اعلان ہونے کے بعد تہران میں لوگ سڑکوں پر جمع ہوئے، پرچم لہرائے اور نعرے لگائے
ایران اور امریکہ دو ہفتوں کی مشروط جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں، جس کے دوران آبنائے ہرمز سے بحری آمد و رفت کی اجازت ہو گی۔
یہ پیش رفت امریکہ و اسرائیل کے ایران پر مشترکہ حملوں کے ایک ماہ سے زائد عرصے بعد سامنے آئی ہے۔ یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر ایران نے تیل اور خلیجی برآمدات کے لیے اہم گزرگاہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ نہ کھولا تو ’آایک پوری تہذیب ختم ہو جائے گی۔‘
ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انھوں نے جنگ بندی پر اس لیے اتفاق کیا کیونکہ ’ہم ایران کے ساتھ طویل مدتی امن اور مشرقِ وسطیٰ میں امن سے متعلق ایک حتمی معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔‘
انھوں نے کہا، ’ماضی کے تقریباً تمام متنازع نکات پر امریکہ اور ایران کے درمیان اتفاق ہو چکا ہے، لیکن دو ہفتوں کا یہ عرصہ معاہدے کو حتمی شکل دینے اور مکمل کرنے کی اجازت دے گا۔‘
انھوں نے مزید کہا، ’اس دیرینہ مسئلے کو حل کے قریب لے آنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘
بعد ازاں ٹرمپ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ نے ’مکمل اور فیصلہ کن فتح‘ حاصل کی ہے۔
تاہم ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے کہا کہ امریکہ کو ایک تاریخی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تفصیلات کو ’حتمی شکل دینے‘ کے لیے زیادہ سے زیادہ 15 دن کے اندر پاکستان میں مذاکرات ہوں گے، تاکہ ’جنگ میں ایران کی فتح کو سیاسی مذاکرات میں بھی مستحکم کیا جا سکے۔‘
Reutersپاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے سیز فائر کا اعلان کیا
پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا: ’دونوں فریقوں نے غیر معمولی دانشمندی اور سمجھ بوجھ کا مظاہرہ کیا ہے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعمیری انداز میں مصروفِ عمل رہے ہیں۔‘
’ہم پُرامید ہیں کہ ’اسلام آباد مذاکرات‘ پائیدار امن کے حصول میں کامیاب ہوں گے اور آنے والے دنوں میں مزید اچھی خبریں شیئر کرنے کے خواہاں ہیں۔‘
’پاکستان کی درخواست پر‘ امریکہ اور ایران دو ہفتے کی جنگ بندی پر کیسے اور کن شرائط پر تیار ہوئے؟’گلف نیٹو‘ کا خواب: خلیجی ممالک کی رقابتیں، امریکی اثر و رسوخ اور پاکستان کا ممکنہ کردارغیر روایتی سفارتی گیم: ٹرمپ کا اعتماد جیت کر پاکستان کیسے ایران جنگ میں ایک غیرمتوقع ثالث بنا؟’غیرمعمولی دھمکی‘ اور جزوی فتح جس کے لیے ٹرمپ نے بھاری قیمت ادا کی
اور اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ’مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے تمام فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں اور جنگ بندی کی شرائط کی پابندی کریں تاکہ خطے میں دیرپا اور جامع امن کی راہ ہموار ہو سکے۔‘
تاہم، دیگر تنازعات کی طرح، دو ہفتوں کی جنگ بندی سے طویل مدتی امن کی جانب منتقلی کے لیے اب بھی اعلیٰ درجے کی مہارت رکھنے والی سفارت کاری کی ضرورت ہوگی۔
سیز فائر کا مطلب کیا ہے؟
اقوامِ متحدہ کے مطابق ’جنگ بندی (سیز فائر)‘ کی کوئی ایک متفقہ اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ تعریف موجود نہیں ہے، حالانکہ یہ لفظ فوجی حکم ’فائر بند کرو‘ سے نکلا ہے، جو ’فائر کھولو‘ کے برعکس ہے۔
یہ اصطلاح وہی معنی اختیار کر سکتی ہے جو جنگ میں شامل دو فریق اپنی بات چیت میں طے کریں۔
اسے ’عارضی جنگ بندی‘ (ٹروس) اور ’معاہدۂ جنگ بندی‘ جیسے الفاظ کے ساتھ بھی ایک دوسرے کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
تاہم اقوامِ متحدہ کے مطابق ’جنگ بندی (سیز فائر)‘ اور ’دشمنیوں کے خاتمے‘ میں اکثر فرق ہوتا ہے۔
’دشمنیوں کا خاتمہ‘ عموماً لڑائی روکنے کا ایک غیر رسمی معاہدہ ہوتا ہے۔
جبکہ ’جنگ بندی‘ نسبتاً ایک باقاعدہ معاہدہ ہوتی ہے، جس میں درج ذیل نکات کی وضاحت کی جاتی ہے:
جنگ بندی کا مقصد کیا ہےاس کے بعد کون سا سیاسی عمل شروع ہو گایہ کب سے نافذ ہو گیاس کا جغرافیائی دائرہ کار کیا ہو گا
اس کے علاوہ اس میں یہ بھی واضح کیا جا سکتا ہے کہ کون سی فوجی سرگرمیاں جائز ہوں گی اور کون سی نہیں، اور جنگ بندی کی نگرانی کس طرح کی جائے گی۔
Getty Imagesمثال کے طور پر، لائبیریا کی خانہ جنگی 1993 میں اس وقت اپنے اختتام کو پہنچی جب عبوری حکومتِ قومی اتحاد نے نیشنل پیٹریاٹک فرنٹ آف لائبیریا اور یونائیٹڈ لبریشن موومنٹ آف لائبیریا فار ڈیموکریسی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا۔
مثال کے طور پر، لائبیریا کی خانہ جنگی 1993 میں اس وقت اپنے اختتام کو پہنچی جب عبوری حکومتِ قومی اتحاد نے نیشنل پیٹریاٹک فرنٹ آف لائبیریا اور یونائیٹڈ لبریشن موومنٹ آف لائبیریا فار ڈیموکریسی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا۔
دونوں فریق اس بات پر متفق ہوئے کہ وہ اسلحہ اور گولہ بارود کی درآمد بند کریں گے، فوجی پوزیشنوں کو تبدیل یا ان پر حملہ نہیں کریں گے، مزید دشمنی کو ہوا نہیں دیں گے اور بارودی سرنگوں اور آتش گیر ہتھیاروں کا استعمال نہیں کریں گے۔
کیا جنگ بندی مستقل ہوتی ہے یا صرف عارضی؟
اقوامِ متحدہ کے مطابق، جنگ بندی (سیز فائر) دونوں طرح کی ہو سکتی ہے۔
کبھی کبھار جنگ میں شامل دونوں متحارب فریق عارضی یا ابتدائی جنگ بندی پر متفق ہو جاتے ہیں۔
یہ عموماً تشدد کم کرنے یا انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے کی جاتی ہے۔
جب اسرائیل اور حماس کی قیادت میں عسکری گروپوں نے عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا، جو 24 نومبر سے 30 نومبر 2023 تک جاری رہی، حماس نے تقریباً 240 قیدیوں کے بدلے 105 یرغمالیوں کو رہا کیا۔
ابتدائی جنگ بندی اس ماحول کو بنانے کے لیے بھی کی جا سکتی ہے جو مذاکرات میں مدد دے اور مستقل یا حتمی جنگ بندی کی راہ ہموار کرے۔
Getty Imagesجون 2000 میں، ایتھوپیا اور اریٹیریا نے تصادم کو روکنے کے لیے ایک معاہدہ کیا
جون 2000 میں، ایتھوپیا اور اریٹیریا نے تصادم کو روکنے کے لیے ایک معاہدہ کیا تاکہ ایک حتمی جنگ بندی پر بات چیت کی جا سکے۔ یہ معاہدہ دسمبر میں الجزائر معاہدے کے تحت ممکن ہوا، جس نے جنگ کا خاتمہ کیا۔
تاہم، جنگ عموماً اس وجہ سے جاری رہ سکتی ہے کہ ابتدائی جنگ بندیاں ناکام یا کمزور ہو جاتی ہیں۔
اقوامِ متحدہ نے لبنان میں خانہ جنگی کو ختم کرنے کے لیے متعدد جنگ بندیوں پر بات چیت کی۔۔۔ 1978، 1981 اور 1982 میں۔ لیکن ہر جنگ بندی کے بعد لڑائی دوبارہ بھڑک اٹھتی اور 1975 میں شروع ہونے والی جنگ 1990 میں ختم ہوئی۔
کچھ معاملات میں، جنگ میں شامل ایک یا دونوں فریق ابتدائی جنگ بندی کا استعمال اپنے زمینی موقف کو مضبوط کرنے کے لیے کر سکتے ہیں۔
حتمی یا مستقل جنگ بندی عام طور پر دونوں متحارب فریقین کے کامیاب امن مذاکرات کے بعد حاصل ہوتی ہے۔
یہ عموماً شناخت شدہ فورسز کے ہتھیار ڈالنے یا غیر فعال ہونے پر مشتمل ہوتی ہے، لیکن معاہدے کے بعد حفاظتی انتظامات کئی سال تک برقرار رہ سکتے ہیں۔
Getty Imagesمثال کے طور پر، 1998 کے گڈ فرائیڈے معاہدے میں شمالی آئرلینڈ میں پروویژنال آئرلینڈ ریپبلکن آرمی اور وفادار گروپوں نے اپنے ہتھیار 'استعمال کے قابل نہ رکھنے' پر اتفاق کیا۔
مثال کے طور پر، 1998 کے گڈ فرائیڈے معاہدے میں شمالی آئرلینڈ میں پروویژنال آئرلینڈ ریپبلکن آرمی اور وفادار گروپوں نے اپنے ہتھیار ’استعمال کے قابل نہ رکھنے‘ پر اتفاق کیا۔
معاہدے میں ایسے شقیں بھی شامل تھیں جو صوبے میں جاری امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے بنائی گئی تھیں، جیسے شمالی آئرلینڈ اور آئرلینڈ کی جمہوریہ کے درمیان سرحد کو کھلا رکھنا تاکہ بغیر رکاوٹ اور بغیر محصول کے تجارت ممکن ہو سکے۔
محدود جنگ بندی کی کون کون سی اقسام ہیں؟Getty Imagesغزہ میں انسانی وقفے کے دوران، اسرائیل نے 240 فلسطینی قیدیوں کے بدلے 105 یرغمالیوں کو رہا کیا
نومبر 2023 میں اسرائیل اور حماس نے اپنی عارضی جنگ بندی کو ’انسانی وقفہ‘ کہا۔
انسانی وقفے کبھی کبھار لڑائی کے دوران تشدد کم کرنے یا انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
مثال کے طور پر، سوڈان کی حکومت نے دو عسکری گروپوں، سوڈان لبریشن موومنٹ اور جسٹس اینڈ ایکوالیٹی موومنٹ کے ساتھ جنگ بندی کی، جس سے دارفور میں 45 دن کے لیے لڑائی رک گئی تاکہ امدادی ادارے مقامی لوگوں تک انسانی مدد پہنچا سکیں۔
سن 2004 میں، جب انڈونیشیا پر سونامی آیا، تو انڈونیشیا کی حکومت اور فری آچہ موومنٹ نے جنگ بندی کا اعلان کیا تاکہ جن علاقوں میں لڑائی ہو رہی تھی وہاں امداد پہنچائی جا سکے۔
کچھ معاملات میں مخصوص علاقے میں لڑائی روکنے کے لیے بھی معاہدے کیے جاتے ہیں، جسے جغرافیائی جنگ بندی کہا جاتا ہے۔
2018 میں، اقوامِ متحدہ نے یمن کی حکومت اور حوثیوں کے درمیان بحریہ احمر کے بندرگاہی شہر الحدیدہ کے آس پاس لڑائی روکنے کا معاہدہ کروایا تاکہ مقامی آبادی کی حفاظت کی جا سکے۔
’پاکستان کی درخواست پر‘ امریکہ اور ایران دو ہفتے کی جنگ بندی پر کیسے اور کن شرائط پر تیار ہوئے؟غیر روایتی سفارتی گیم: ٹرمپ کا اعتماد جیت کر پاکستان کیسے ایران جنگ میں ایک غیرمتوقع ثالث بنا؟’غیرمعمولی دھمکی‘ اور جزوی فتح جس کے لیے ٹرمپ نے بھاری قیمت ادا کی’گلف نیٹو‘ کا خواب: خلیجی ممالک کی رقابتیں، امریکی اثر و رسوخ اور پاکستان کا ممکنہ کردارایران - امریکہ، اسرائیل جنگ میں آبنائے ہرمز اتنی اہم کیوں ثابت ہو رہی ہے؟ایران نے اپنی جنگی حکمت عملی سے امریکہ اور اسرائیل کو کیسے حیران کیا؟