پہلگام حملے کا ایک سال اور ہنی مون پر ہلاک ہونے والے انڈین بحریہ کے افسر: ’گھر میں اس کی تصویر لگانے کا حوصلہ بھی نہیں‘

بی بی سی اردو  |  Apr 22, 2026

Tariq Khan/BBC Hindiایشانیا دویدی کے شوہر شبھم گزشتہ سال عسکریت پسندوں کے حملے میں مارے گئے تھے

ایشانیا دیوی نے کمرے کی دیوار پر ایک شیشے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ’میں نے ایک بار اس سے سوال کیا تھا کہ یہاں کوئی شیشہ کیوں نہیں ہے۔ اگلے ہی دن وہ شیشہ لے آیا تھا۔‘

ایشانیا کے شوہر شبھم دویدی ان 26 افراد میں سے ایک تھے جو ایک سال قبل 22 اپریل کو اس وقت ہلاک ہوئے جب مسلح شدت پسندوں نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں پہلگام کے قریب سیاحوں پر گولیاں برسائیں تھیں۔

کشمیر کا یہ خطہ، انڈیا اور پاکستان کے بیچ بٹا ہوا ہے اور دونوں ملکوں کے بیچ کئی جنگوں کی وجہ بن چکا ہے۔

دلی نے پہلگام حملے کے بعد پاکستان پر الزام لگایا کہ حملہ آور ایک ایسی تنظیم سے تعلق رکھتے تھے جو پاکستان میں موجود ہے تاہم اسلام آباد نے اس کی تردید کی۔

دو ہفتوں کے بعد انڈیا نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں موجود شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے بیچ چار روزہ تنازع کا آغاز ہوا جس کا اختتام اچانک جنگ بندی کے اعلان سے ہوا۔

انڈیا میں پہلگام حملے کی نوعیت کی وجہ سے بھی غصہ پھیلا جس میں ہلاک ہونے والوں کی اکثریت ہندو مذہب سے تعلق رکھتی تھی۔ ان میں کئی جوان سیاح تھے جن کی شادی حال ہی میں ہوئی تھی اور ان کی زندگیاں اچانک سے ختم ہو گئیں۔

انتباہ: چند قارئین کے لیے ذیل میں موجود تفصیلات پریشان کن ہو سکتی ہیں۔

Reutersیہ ہلاکتیں پہلگام کے مشہور سیاحتی مقام پر ہوئیں

ایک سال کے عرصہ میں پہلگام سانحے کو سرکاری بیانات، سکیورٹی تجزیوں اور نئی پابندیوں کی مدد سے دیکھا گیا ہے۔

لیکن اس کے نتائج سب سے زیادہ بند کمروں اور ان گھروں میں محسوس کیے گئے جہاں وقت نے دکھ کی شدت کو کم نہیں کیا بلکہ صرف شکل تبدیل کی ہے۔

ایشانیا کے لیے ان کا وہ کمرہ، جس میں کبھی ان کے شوہر بھی ان کے ساتھ ہوا کرتے تھے، وقت کو ساکت رکھنے کا طریقہ بن گیا ہے۔ انھوں نے جن چیزوں کو سنبھال کر رکھا ہوا ہے وہ پہلی نظر میں معمولی لگتی ہیں۔

ہر چیز اسی جگہ موجود ہے جہاں پہلے تھی۔ بیڈ، الماری، شبھم کا خریدا ہوا شیشہ، سب ویسے ہی اسی جگہ پر موجود ہیں۔

ایک جانب اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’بیڈ کا یہ والا حصہ شبھم کا ہے۔ میں یہاں نہ بیٹھتی ہوں، نہ لیٹتی ہوں۔ نیند میں بھی نہیں۔‘

انھیں ایک سال پہلے کا وہ دن آج بھی یاد ہے جو کسی عام سے دن کی طرح شروع ہوا تھا۔ دو ماہ قبل ہی ان کی شادی ہوئی تھی اور وہ خاندان کے دیگر نو افراد کے ساتھ چھٹیاں لے کر کشمیر گئے تھے۔

اس دن شبھم اور ایشانیا بیسران وادی کی جانب گئے جو پہلگام میں واقع ہے لیکن باقی لوگ قصبے میں ہی رک گئے تھے۔

بعد میں دیے جانے والے انٹرویوز میں ایشانیا نے بتایا کہ وہ لوگ پیدل چل رہے تھے جب ایک آدمی نے ان کے قریب آ کر ان کے شوہر سے مذہب پوچھا اور پھر گولی مار دی۔ انھوں نے کہا کہ حملہ آوروں سے انھوں نے کہا کہ ان کو بھی گولی مار دیں لیکن ایسا نہیں ہوا۔

’آپریشن ابھی بند نہیں ہوا‘: پہلگام حملے کی برسی سے قبل انڈین وزیر دفاع کی دھمکی اور خواجہ آصف کا جوابپہلگام میں سیاحوں پر حملے میں ملوث تینوں ملزمان ’پاکستانی شہری ہیں‘، انڈین حکام کا دعویٰپہلگام حملہ: ’بیٹے نے حملہ آوروں کو کہا کہ میرے والد کو مار دیا تو مجھے اور میری ماں کو بھی مار ڈالو‘پہلگام حملہ: عسکریت پسندوں نے انڈین حکومت کے ’ڈارلِنگ ڈیپارٹمنٹ‘ پر حملہ کیوں کیا؟

بی بی سی ہندی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’یادیں بنانے کا زیادہ وقت ہی نہیں ملا لیکن اس نے اتنی یادیں دے دیں کہ میں ان کے ساتھ زندہ رہ سکتی ہوں۔‘

ان کے فون پر شادی کے لمحات محفوظ ہیں جن میں وہ اپنے شوہر کو بار بار تلاش کرتی ہیں۔ کبھی وہ پرانی ویڈیوز میں ان کی آواز سنتی ہیں۔ ’میں یاد کرنے کی کوشش کرتی ہوں کہ اس کی آواز کیسی لگتی تھی، وہ کیسے ہنستا تھا۔‘

Tariq Khan/BBC Hindiایشانیا دویدی کے فون کی لاک سکرین پر ان کی شادی کی ایک تصویر ہے

حملے کے بعد ایشانیا اکثر شبھم کے بارے میں بات کرتی تھیں۔ پہلے اس لیے کہ لوگ سوال کرتے تھے اور پھر اس لیے کہ انھیں اس سے مدد ملتی تھی۔

وہ کہتی ہیں کہ ’میڈیا سے بات کرنا میرے لیے تھراپی جیسا ہے۔‘ لیکن عوامی جذبات کی وجہ سے بھی کچھ پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔

وہ بتاتی ہیں کہ جب انھوں نے پاکستان پر فضائی حملوں کے بعد کہا کہ وزیراعظم مودی کو پارلیمان میں ہلاک ہونے والوں کے نام لینے چاہیے تھے تو ان کے خلاف سوشل میڈیا پر بیان بازی ہوئی۔ لیکن انھیں سے فرق نہیں پڑا۔

’میں بولوں گی، باہر نکلوں گی، ہر چیز کروں گی جو میں کرنا چاہتی ہوں۔ یہ لوگ مجھے نہیں بتا سکتے کہ مجھے کیا کرنا چاہیے کیوں کہ میں نے اپنا شوہر کھویا ہے۔‘

ایشانیا کو اس بارے میں بات چیت سے مدد ملی لیکن کئی دیگر ایسے ہیں جن کے لیے ایسا نہیں ہو سکا۔

راجیش نروال کے بیٹے ونے نروال پہلگام حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔ چ26 سالہ انڈین بحریہ کے افسر اپنے ہنی مون کے لیے کشمیر گئے تھے۔

حملے کے بعد ان کی اہلیہ کی وہ تصویر سوشل میڈیا پر پھیل گئی تھی جس میں وہ اپنے شوہر کے بے جان جسم کے ساتھ ساکت بیٹھی ہوئی تھیں۔

گھر میں ونے کا سامان اب بھی بند پڑا ہے۔ خاندان والے ان کا نام نہیں لیتے اور نہ ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر بات کرتے ہیں۔

BBC Punjabiونے نروال اپنے ہنی مون پر تھے جب انھیں گولی مار دی گئی

راجیش کہتے ہیں کہ ’ہم میں سے کسی کے پاس اتنی ہمت نہیں۔ ہم تو گھر میں اس کی تصویر لگانے کا حوصلہ بھی نہیں کر پائے۔‘

لیکن اس گھر میں ونے کی یادیں ہر طرف موجود ہیں۔ جب وہ چھوٹے تھے تو باپ بیٹا صحن میں کرکٹ کھیلتے تھے۔ راجیش روز کام سے واپس آتے تو ونے انتظار کر رہا ہوتا تھا۔ چھٹی والے دن تو پورا دن کھیل چلتا رہتا۔

راجیش کہتے ہیں کہ ’میں کام میں مگن ہوتا ہوں تو دھیان بٹ جاتا ہے لیکن گھر آتے ہی درد ناقابل برداشت ہو جاتا ہے۔‘

ونے اور شبھم کے خاندان نے مختلف طریقوں سے زندہ رہنا سیکھا ہے۔ ایک نے بات چیت سے یادوں کو زندہ رکھا ہوا ہے تو دوسرے نے خاموشی سے لیکن دونوں ہی اب ایک ایسی چیز کے گرد زندگی برقرار رکھنے کی کوشش میں مصروف ہیں جو اب موجود نہیں۔

Kamal Saini/BBC Punjabiراجیش نروال یاد کرتے ہیں کہ وہ اپنے بیٹے کے بچپن میں اس کے ساتھ کرکٹ کھیلا کرتے تھے

کان پور میں ایشانیا ٹکڑے جوڑنا سیکھ رہی ہیں۔ روز شام کو وہ گھر والوں سے شبھم کے بارے میں ایک گھنٹے تک بات کرتی ہیں جس میں ایک ہی شخص کے بارے میں ہر بار وہی تفصیلات ایک نئے طریقے سے سامنے آتی ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ ’بیٹا یا شوہر کھونے کا دکھ کبھی نہیں جاتا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم جینا چھوڑ دیں۔‘

وہ موسیقی سنتی ہیں، لکھتی ہیں۔ وہ بتاتی ہیں کہ ’لکھتے ہوئے میں رو پڑتی ہوں، لیکن یہ ضروری ہے، چلانا بھی۔‘

وہ ایک تربیت یافتہ رقاصہ بھی ہیں لیکن اس فن کی جانب لوٹ نہیں پائی ہیں۔ ’میرے پیر حرکت ہی نہیں کر پاتے۔‘ انھیں امید ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ چیزیں تبدیل ہوں گی۔

’آپریشن ابھی بند نہیں ہوا‘: پہلگام حملے کی برسی سے قبل انڈین وزیر دفاع کی دھمکی اور خواجہ آصف کا جوابپہلگام حملہ: عسکریت پسندوں نے انڈین حکومت کے ’ڈارلِنگ ڈیپارٹمنٹ‘ پر حملہ کیوں کیا؟پہلگام حملہ: ’بیٹے نے حملہ آوروں کو کہا کہ میرے والد کو مار دیا تو مجھے اور میری ماں کو بھی مار ڈالو‘پہلگام حملے کے بعد ’سکیورٹی ناکامی‘ پر انڈیا میں اٹھنے والے سوال جن کے جواب اب تک نہیں مل پائے’آپریشن مہادیو‘: انڈین سکیورٹی فورسز پہلگام کے مبینہ پاکستانی حملہ آوروں تک کیسے پہنچیں؟’یہ ہمارا سات اکتوبر ہے‘: پہلگام حملے کے بعد انڈین میڈیا میں ’جنگ کے نعرے‘، پاکستان میں فالس فلیگ آپریشن کی گونج
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More