Getty Images
اتوار کے روز انڈیا کی جنوبی ریاست تلنگانہ کے شہر سکندر آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایران جنگ کے تناظر میں اپنے عوام کی اپیل کی وہ بچت کی غرض سے اقدامات اٹھائیں۔
ورک فرام ہوم (یعنی گھر سے کام کرنا) اور پیٹرول کی بچت کی تلقین کرنے کے ساتھ ساتھ انھوں نے انڈین شہریوں سے یہ اپیل بھی کی کہ وہ آئندہ ایک برس کے دوران سونا نہ خریدیں۔
مودی کی اس تقریر کے بعد مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بھی وزیر اعظم مودی کی درآمدات پر کم ڈالر خرچ کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو بچانے کی اپیل کو دہرایا۔
وزیرِ اعظم مودی کی سونا نہ خریدنے سے متعلق اپیل پہلی نظر میں غیر معمولی لگتی ہیں- خاص طور پر ایک ایسے ملک میں جہاں سونا روایت، بچت اور تقریبات سے گہری وابستگی رکھتا ہے۔
تاہم اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیان کے پیچھے ایک بڑی اقتصادی تشویش چھپی ہوئی ہے۔ اور وہ یہ ہے کہ مشرقِ وسطٰی میںجاری جنگ کی وجہ سے مسلسل بڑھتا ہوا عالمی توانائی بحران۔ اس بحران کا بڑا اثر انڈیا پر بھی پڑ رہا ہے۔ جس کے نتیجہ میں ملک کے غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر پر مسلسلبوجھ بڑھ رہا ہے اور ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کمزور ہو رہا ہے۔
Getty Imagesانڈیا میں گذشتہ مالی سال کے دوران سونے کی ریکارڈ مقدار میں درآمد کی گئی
خیال رہے کہ انڈیا میں سونے کی درآمدات پچھلے سال کسٹمز ڈیوٹی میں کمی کے بعد بہت زیادہ بڑھ گئی تھیں۔ سونے کا شمار اب خام تیل کے بعد انڈیا کی سب سے بڑی درآمدات میں ہوتا ہے۔
اور درآمدات پر چونکہ ڈالرز خرچ ہوتے ہیں اس لیے یہ زرمبادلہ کے ذخائر پر بوجھ کا باعث بنتی ہیں۔
اقتصادی امور کے ماہر اور چوائس ویلتھ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ریسرچ اور پروڈکٹ ہیڈ اکشَت گرگ کے مطابقمالی سال 2025 میں انڈیا کی سونے کی درآمدات کا اندازہ تقریباً 58 سے 60 ارب ڈالر کے درمیان ہے، جو کہ اب تک ریکارڈ شدہ سب سے بڑی سونے کی درآمد ہے۔
انھوں نے کہا کہ مالی سال 2024 میں یہ سطح 45.5 ارب ڈالر کے لگ بھگ تھی تاہم گذشتہ سال اس میں بڑا اضافہ ہوا۔
سونے کی درآمد میں یہ اضافہ جولائی 2024 کے وفاقی بجٹ کے بعد سامنے آیا جب سونے کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی کو 15 فیصد سے کم کر کے چھ فیصد کر دیا گیا، جس سے درآمدات میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
اب سونے کی درآمد انڈیا کی مجموعی اشیا کی درآمد کا تقریباً آٹھ سے دس فیصد ہے اور یہ ملک کے مجموعی تجارتی خسارے میں تقریباً پانچواں حصہ ڈالتا ہے۔
انڈیا میں زیادہ سونا کیوں خریدا جاتا ہے؟Getty Imagesانڈیا میں شہریوں کے گھروں میں موجود سونے کا تخمینہ 25 سے 27 ہزار ٹن کے قریب ہے
پاکستان کی طرح انڈیا میں بھی سونا گھریلو بچت کا اہم حصہ ہے اور اسی لیے سونے کی فروخت میں انڈیا دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹس میں سے ایک ہے۔
انڈین انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ احمد آباد کے انڈیا گولڈ پالیسی سینٹر کی سربراہ پروفیسر سندر وَلّی نے بی بی سی کو بتایا کہانڈیا میں ہر سال 600 سے 700 ٹن سونا درآمد ہوتا ہے، جبکہ اس کے برعکس اس کی برآمد انتہائی کم ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ انڈین گھروں میں بہت سا سونا موجود ہے۔ گھروں میں موجود سونے کے بارے میں مختلف اندازے ہیں، لیکن عمومی اندزہ ہے کہ یہ 25 ہزار سے 27 ہزار ٹن کے قریب ہے۔
سندر ولی کہتی ہیں کہ انڈیا ہر سال تقریباً 700 سے 800 ٹن سونے کا استعمال کرتا ہے، لیکن سونے کی مقامی پیدوار صرف ایک سے دو ٹن کے قریب ہے۔ یعنی انڈیا اپنی ضرورت کا 90 فیصد سے زیادہ سونا درآمد کرتا ہے۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق فروری 2026 تک انڈیا کے پاس تقریباً 880 ٹن سونا سرکاری ذخائر میں موجود تھا۔ سونا کا بڑا ذخیرہ رکھنے والے ممالک کی فہرست میں انڈیا دنیا میں نویں نمبر پر ہے۔ اس فہرست میں امریکہ، جرمنی، آئی ایم ایف، اٹلی، فرانس، روس، چین اور سوئٹزرلینڈانڈیا سے آگے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کئی دوسری چیزوں کے برعکس، سونے کی درآمد بڑے پیمانے پر صنعتی پیداوار میں براہ راست حصہ نہیں ڈالتی اور اس کی درآمد کے لیے بڑی مقدار میں ڈالر خرچ کرنا پڑتے ہیں، جس سے ملک کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر پر دباؤ بڑھتا ہے۔
کچھ ماہرین اسے انڈیا کے زرِمبادلہ کے غیر رسمی نظام سے جوڑ کر دیکھتے ہیں اور اس کو سمجھانے کے لیے انڈونیشیا کے ایک صوبہ آچے کی مثال دیتے ہیں۔
ماہر اقتصادیات اور مصنف ویویک کول کا کہنا ہے کہ انڈیا میں بھی آچے جیسا ایک بہت مضبوط غیر رسمی تبادلے کا نظام موجود ہے، جس کی وجہ سے سونا فوری طور پر نقد میں بدلا جا سکتا ہے، خاص طور پر ہنگامی حالات میں۔
ریچرڈ ڈیوِس کی کتاب اکیسٹریم ایکونومی کا حوالہ دیتے ہوئے، وہ مزید کہتے ہیں کہ جیسا کہ ڈیوِس نے آچے کے تناطر میں لکھا ہےکہ ’ایک معیشت جو زراعت اور ماہی گیری کی اتار چڑھاؤ سے متاثر ہوتی ہے، لوگ اچھی فصلوں یا ماہی گیری کے موسم کے بعد سونا خریدنے اور کمزور موسم کے بعد اسے بیچنے کے عادی ہوتے ہیں۔‘
ان کے مطابق یہ مثال انڈیا پر بھی اتنی ہی لاگو ہوتی ہے جتنی کہ آچے پر، چونکہ انڈیا کی اکثریت کا روزگار اب بھی زراعت پر منحصر ہے۔
Getty Imagesوزیرِ اعظم مودی کی اپیل پر جیولرز اور اپوزیشن کا ردعمل
عوام سے سونا نہ خریدنے کی اپیل کے بعد جیولرز انجمنوں کے عہدیداروں میں تشویش اور غیر یقینی کی سی کیفی پائی جاتی ہے۔
ملک بھر کی جیولرز ایسوسی ایشنز وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) سے رجوع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں تاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ان بیانات پر تشویش کا اظہار کر سکیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آل انڈیا جیم اینڈ جیولری ڈومیسٹِک کونسل کے چیئرمین راجیش روکڑے نے کہا ہے کہ کونسل اس مسئلے پر تفصیل سے بات کرنے کے لیے وزیر اعظم آفس سے ملاقات کی درخواست کر رہی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ’ہمارا مقصد طویل مدتی حل پیش کرنا ہے جو انڈیا کو حقیقی معنوں میں خود کفیل بنا سکے، جس میں گھروں میں استعمال ہونے والے سونے کو باضابطہ طور پر معیشت میں شامل کیا جائے، بجائے اس کے کہ اس کی درآمد پر زیادہ انحصار کیا جائے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ مکالمہ صنعت کی عملی اقدامات کو قومی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے میں اہم ہو گا، جبکہ روزگار اور صارفین کے اعتماد کا تحفظ بھی کیا جائے گا۔‘
دریں اثنا وزیراعظم مودی کی اس اپیل پر سیاسی جماعتوں نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال نے کہا ہے کہ ’ایران، امریکہ جنگ کو تین ماہ گزر چکے ہیں، لیکن وزیراعظم مودی کو اب بھی یہ سمجھ نہیں آ رہا ہے کہ انڈیا کی توانائی کی ضروریات کی حفاظت کیسے یقینی بنائی جائے۔‘
وینو گوپال نے ایکس پر لکھا کہ ’یہ انتہائی شرمناک، غیر ذمہ دارانہ اور بالکل غیر اخلاقی ہے کہ وزیراعظم اس عالمی بحران سے ہماری معیشت کو بچانے کے لیے کوئی ہنگامی منصوبہ بنانے کے بجائے عام شہریوں کو پریشان کر رہے ہیں۔‘
انھوں نے مزید لکھا کہ ’جب انتخابات اور حقارت آمیز سیاست ہی وزیراعظم کی واحد ترجیح بن جاتی ہے، تو اس کا آخری نتیجہ ایک ناگزیر اقتصادی تباہی ہی ہوتا ہے۔‘
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھیلیش یادو نے بھی ایکس پر لکھا کہ ’جیسے ہی انتخابات ختم ہوئے، ’بحران‘ ذہن میں آیا! درحقیقت، ملک کے لیے صرف ایک ہی ’بحران‘ ہے، اور اس کا نام ہے ’بی جے پی۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’لگتا ہے کہ بی جے پی حکومت کے ہاتھ سے مکمل طور پر کنٹرول نکل گیا ہے۔ ڈالر آسمان کو چھو رہا ہے، اور روپیہ گراوٹ کی طرف جا رہا ہے۔‘
سونے کی ریفائنریوں کا فروغ پاتا کاروبار: ’ہم چاہتے ہیں کہ انڈیا بھی سوئٹزرلینڈ والی پوزیشن پر آ جائے‘ٹرمپ، ٹیرف جنگ اور معاشی غیر یقینی: کیا اس وقت سونا ہی سب سے محفوظ سرمایہ کاری ہے؟روزانہ تین کلو سے زیادہ سونا پہن کر گھومنے والے ’گولڈن گائز‘ کون ہیں؟ سون بھدر: انڈیا کا وہ شہر جو سونا اگلتا ہے800 ٹن سونا اگلنے والی کان جسے ایسٹ انڈیا کمپنی کے ایک فوجی افسر نے دریافت کیاسونا جمع کرنے والا ’ساتواں بڑا ملک‘ انڈیا اتنی بڑی مقدار میں اسے کیوں ذخیرہ کر رہا ہے؟