کویت ایئرپورٹ: انڈین شہری کی ہلاکت اور ایران کی تردید لیکن حملے کی فوٹیج میں کیا دکھائی دے رہا ہے؟

بی بی سی اردو  |  Jun 04, 2026

کویت ایئرپورٹ پر ہونے والے فضائی حملے میں ایک انڈین شہری ہلاک ہوا ہے، جبکہ اس واقعے کے بعد کویت، ایراناور امریکہ کی جانب سے متضاد دعوے اور بیانات سامنے آئے ہیں۔

کویت کا کہنا ہے کہ ایرانی حملوں میں اس کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سمیت دیگر شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ ایران نے دعویٰ کیا کہ اس نے امریکی اڈوں کو تو نشانہ بنایا لیکن ایئرپورٹ پر حملہ اس کی جانب سے نہیں کیا گیا بلکہ کوئی امریکی میزائل ہی وہاں جا گرا۔

ایران کے اس دعوے پر کویت نے کیمرے پر ریکارڈ ہونے والے حملے کے مناظر بھی جاری کر دیے ہیں اور کہا ہے حملہ ایک ایرانی ڈرون سے کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کی تازہ لہر دیکھنے میں آئی تھی، دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر حملے کیے تھے اور دنوں جانب سے انھیں ’اپنے دفاع میں کیے گئے‘ حملے قرار دیا گیا تھا۔

ایران نے کہا تھا کہ اس نے خطے میں امریکہ کے اتحادی ممالک میں موجود امریکی اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔

امریکی مرکزی کمان (سینٹکام) کے مطابق ایران نے کویت پر دو اور بحرین پر تین میزائل داغے، جنھیں اہداف تک پہنچنے سے قبل ہی فضا میں تباہ کر دیا گیا۔

جبکہ سینٹکام کی جانب سے ایران کے قشم جزیرے پر ایک فوجی گراؤنڈ کنٹرول سٹیشن کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔

امریکہ ایران کشیدگی کی اس حالیہ لہر کا آغاز اس وقت ہوا جب منگل اور بدھ کی درمیانی شب امریکہ نے ایران کی جانب جانے والے ایک خالی آئل ٹینکر کو نشانہ بنا کر ’غیر فعال‘ کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ کارروائی اس بحری ناکہ بندی کے تحت کی گئی جو امریکہ نے ایران پر نافذ کر رکھی ہے۔

سینٹکام نے اس حملے کی ویڈیو بھی جاری کی تھی۔

اس کے بعد دونوں ممالک میں جھڑپیں ہوئیں، امریکہ نے ایران کے قشم جزیرے پر حملے، جبکہ ایران کی پاسداران انقلاب نے امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ’براہِ راست اور ناقابلِ تردید ذمہ داری‘ کویت اور بحرین کی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔

ایران نے کویت اور بحرین پر حملوں کے جواز میں کہا کہ جوابی کارروائی کے طور پر دونوں ممالک میں موجود ’امریکی اڈوں اور ہیلی کاپٹروں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔‘

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں اپنا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ان مقامات پر حملے کر رہی ہیں جہاں سے امریکہ کو اجازت دی جاتی ہے کہ وہ سویلین بحری جہازوں پر حملے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کرے۔

تاہم کویت کا مؤقف سامنے آیا کہ ایرانی حملے میں اس کے بین الاقوامی ایئرپورٹ اور دیگر شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور کم از کم 63 زخمی ہوئے۔ بعد میں انڈیا کی وزارت خارجہ نے آگاہ کیا کہ ہلاک ہونے والے شہری کا تعلق انڈیا سے ہے۔

Reutersکویت میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور کم از کم 63 زخمی ہوئے جبکہ بین الاقوامی ہوائی اڈے سمیت کئی عمارتوں کو نقصان پہنچاسیٹلائٹ تصاویر: آٹھ ممالک میں 20 امریکی فوجی مقامات پر ایرانی حملے اور کروڑوں ڈالر کا نقصانسرو ابرکوه: ایران میں موجود 4500 سال پرانا درخت اور صدر مسعود پزشکیان کا تاریخ سے متعلق اشارہمیزائل پروگرام پر خدشات سے ’حقیقی دوستی‘ تک: پیٹ ہیگسیتھ نے شنگریلا کانفرنس میں پاکستان امریکہ تعلقات پر کیا کہا؟پاسدار سے ’جان‌ِ فدا‘ تک: ایران میں نئی یکجہتی مہم جس میں حکومت کے بقول تین کروڑ سے زائد لوگ شامل ہو چکے ہیں

ان حملوں کے بعد کویت نے ایرانی سفارت خانے کے دو ارکان کو ’نا پسندیدہ‘ قرار دیتے ہوئے انھیں 24 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے۔

کویت کی جانب سے اس الزام کی بھی تردید کی گئی کہ امریکہ اس کی سر زمین کو ایران پر حملے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

کویتی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق: ’ایران کے دعوے غلط اور بے بنیاد ہیں‘ اور اس کے پاس اپنے دعووں کے لیے ’کوئی بھی معتبر ثبوت یا دستاویزات موجود نہیں۔‘

کویت حکومت نے حملے سے ایئرپورٹ کو پہنچنے والے نقصانات کی تصاویر اور ویڈیوز بھی جاری کیں اور نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف نے وہاں جا کر صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔

تاہم پاسداران انقلاب نے کہا کہ ایئرپورٹ پر حملہ انھوں نے نہیں کیا۔

ایران کے خبر رساں ادارے تسنیم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پاسداران انقلاب کے ترجمان کا بیان رپورٹ کیا۔اس بیان کے مطابق پاسداران انقلاب کا یہ مؤقف ہے کہ کویت ایئرپورٹ پر حملہ ایران نے نہیں کیا بلکہ امریکہ کے پیٹریاٹ میزائل نظام میں کوئی خرابی پیدا ہوئی اور وہی کویتی ایئرپورٹ پر جا گرا۔

تسنیم کے مطابق ترجمان نے کہا: ’پاسداران انقلاب کی فضائی فورس نے اس ہدف کی جانب کوئی فائرنگ نہیں کی۔‘

بی بی سی فارسی کے مطابق ترجمان حسین محبی نے کہا کہ پاسداران انقلاب کی تحقیقات کے مطابق ’کویت ایئرپورٹ کے مسافر ٹرمینل کی تباہی امریکی پیٹریاٹ نظام کی خرابی کے باعث ہوئی، جو ایرانی میزائلوں کو روکنے میں ناکامی کے بعد اسی ٹرمینل پر آ گرے۔‘

اس بیان کے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے بعد کویت کے سول ایوی ایشن کے ادارے نے ایکس پر ویڈیو جاری کر دی جس میں ایک شے آسمان سے آتی اور ایئرپورٹ کی عمارت پر گرتی دکھائی دیتی ہے، جس کے بعد آگ اور دھوئیں کا بادل اٹھتا ہے۔

ایئرپورٹ پر گرنے والی شے کی ویڈیو مختلف زاویوں سے جاری کی گئی ہے۔

ایک زاویہ قریب کا منظر دکھاتا ہے جس سے عمارت پر گرنے والی شے نسبتاً واضح دکھائی دیتی ہے اور اندازہ ہوتا ہے کہ اس کی ساخت میزائل نہیں بلکہ ڈرون جیسی ہے۔

سینٹکام نے بھی ایئرپورٹ پر حملہ نہ کرنے کے ایرانی دعوے کو جھٹلاتے ہوئے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ایران نے ڈرونز کے ذریعے یہ حملہ ’دانستہ طور پر اور منصوبہ بندی کے تحت‘ کیا۔

ایران ماضی میں متعدد بار بحرین اور کویت میں اہداف پر حملے کر چکا ہے جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں۔

نئے حملے، پاکستان کی پیچیدہ سفارت کاری اور ٹرمپ کی مشکل: امریکہ اور ایران میں امن معاہدہ ہونے جا رہا ہے یا دوبارہ جنگ چھڑ سکتی ہے؟ٹرمپ کی خواہش کے راستے میں تہران اور نیتن یاہو کیسے رکاوٹ بنے ہوئے ہیں؟محمود احمدی نژاد ایران جنگ کا سب سے عجیب معمہ کیسے بنے؟مجتبی خامنہ ای سے ملاقات کی خواہش اور نیتن یاہو کے ساتھ تلخی: امریکہ اور ایران کے نئے حملوں کے بعد ٹرمپ نے کیا کہا؟لڑاکا طیارے، ہیلی کاپٹرز اور ڈرونز: ایران جنگ میں امریکہ کے فضائی نقصانات سے متعلق کانگریس کی رپورٹ میں کیا ہے؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More