لنکا پریمیر لیگ کے میچ میں ایک ’بال‘ نے آئی سی سی کو چوکنا کر دیا

روزنامہ اوصاف  |  Dec 01, 2020

کولمبو(ویب ڈیسک ) لنکا پریمیر لیگ (ایل پی ایل) میں مشکوک سرگرمیاں بڑھنے لگیں جبکہ دمبولا وائکنگز اور کینڈی ٹسکرز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ایک بال نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھی چوکنا کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لنکا پریمیر لیگ ہمبنٹوٹا میں جاری ہے اور سری لنکا کرکٹ بورڈ کے ساتھ آئی سی سی اینٹی کرپشن حکام بھی اس پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں، ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی مشکوک رابطے کی اطلاع پر ویسے ہی نگرانی سخت کردی گئی تھی اور یہی وجہ ہے کہ دمبولا وائکنگز اور کینڈی ٹسکرز کے درمیان میچ میں ایک مشکوک بال نے اے سی یو حکام کو چوکنا کر دیا ہے۔ میچ کے فوری بعد حکام نے دمبولا وائکنگز کی نمائندگی کرنے والے مالندا پشپاکمارا سے پوچھ گچھ کی، سری لنکن بورڈ کے ٹاپ آفیشل نے اس حوالے سے استفسار پر کہاکہ صرف سوالات کئے گئے ہیں، پشپاکمارا پر کوئی الزام عائد نہیں ہوا، ہم اس پر مزید بات نہیں کرسکتے​​​​​​​ کیونکہ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ آزادانہ طور پر کام کرتا ہے۔یاد رہے کہ پشپاکمارا کو اپنے دیگر 9 ہم وطنوں کے ہمراہ ماریشس کرک 10 لیگ میں حصہ لینا تھا تاہم ایل پی ایل کھیلنے کیلئے وہ آخری لمحات پر دستبردار ہوگئے، لیفٹ آرم سپنر اب تک سری لنکا کی جانب سے 4 ٹیسٹ اور 2 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں۔ ایل پی ایل میں شاہد خان آفریدی اور آندرے رسل جیسے عالمی ٹی 20 سپر سٹارز شریک ہیں، ایس ایل سی اپنے اس ایونٹ کو کسی بھی قسم کے تنازع سے محفوظ رکھنے کیلئے کرپشن پر عدم برداشت کی سخت پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More