’نیوزی لینڈ ٹیم کو انڈیا سے جعلی ای میل آئی ڈیز بنا کر دھمکیاں دی گئیں‘

اردو نیوز  |  Sep 22, 2021

پاکستان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو انڈیا سے جعلی ای میل آئی ڈیز بنا کر دھمکیاں دی گئیں کہ ان پر دورہ پاکستان کے دوران حملہ کیا جا سکتا ہے۔

بدھ کو اسلام آباد میں وزیر داخلہ شیخ رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ اس کیس میں مقدمہ درج کر کے اب انٹرپول سے رابطہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ کرکٹ کے خلاف سازش ہے اور کھیلوں کی عالمی باڈیز کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔‘

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور لوگ اس دورے کی منسوخی پر ناراض ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’اگست کی 19 تاریخ کو پہلی بار فیک فیس بک پوسٹ احسان اللہ احسان کے نام سے شیئر کی جاتی ہے جس میں یہ کہا جاتا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ پاکستان کا دورہ منسوخ کرے کہ یہاں مقامی جہادی تنظیم داعش بڑے ہدف کی تلاش میں ہے اور یہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی ہو سکتی ہے۔‘ 

وزیر اطلاعت کے مطابق اس کے بعد دلچسپ واقعہ ہوا کہ 21 اگست کو اسی فیک فیس بک پوسٹ کی بنیاد پر انڈیا میں سنڈے گارڈین نامی ہندی اخبار کے بیورو چیف ابھینندن مشرا نے ایک آرٹیکل چھاپا۔ ’ابھینندن مشرا کے پاکستان مخالف سابق نائب افغان صدر امراللہ صالح سے بہت مضبوط رابطے ہیں۔‘

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اس کے بعد انڈیا سے دو ای میل آئی ڈیز بنا کر نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دھمکیاں دی گئیں۔ 

پاکستان کے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ 24 اگست کو نیوزی لینڈ کے کرکٹر مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو ایک ای میل ملی اور ان کو یہ دھمکی دی گئی کہ ان کے شوہر کو پاکستان میں قتل کر دیا جائے گا۔

’ہم نے اس کی تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ یہ ای میل اکاؤنٹ رات کو بنایا گیا تھا اور اگلی صبح اس سے دھمکی آمیز پیغام بھیجا گیا۔ یہ پروٹون میل سے بھیجی گئی جو ایک محفوظ سروس ہے اس کے لیے انٹرپول کو لکھا ہے۔‘

نیوزی لینڈ کے کرکٹر مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو دھمکی آمیز ای میل بھیجی گئی۔ فائل فوٹو: اے ایف پیان کا کہنا تھا کہ ’ان تمام واقعات کے باوجود نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنا ٹور منسوخ نہیں کرتی بلکہ یہاں آ جاتی ہے۔ ٹیم کے لیے مکمل سکیورٹی پروٹوکول تشکیل دیا گیا۔‘

فواد چودھری نے کہا کہ ’13 ستمبر کو دونوں ٹیموں نے راولپنڈی سٹیڈیم میں پریکٹس کی۔ کوئی تھریٹ الرٹ رپورٹ نہیں ہوا۔ اگلے دن پھر دونوں ٹیموں نے سٹیڈیم میں پریکٹس کی۔ اگلے دن چھٹی تھی اور اس سے اگلے دن پھر اسی طرح پریکٹس کی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More