سڑکوں کےبعدپیپلزپارٹی کےمحلات تک پہنچنےاوراحتجاج کاوقت آگیا،عامرخان

سماء نیوز  |  Dec 07, 2021

ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ سڑکوں کے بعد پیپلزپارٹی کے محلات تک پہنچنے اور احتجاج کرنے کا وقت آگیا ہے۔

منگل کوکراچی کےعلاقے اورنگی ٹاؤن میں ایم کیوایم پاکستان نے بلدیاتی آرڈیننس کے خلاف ایم کیوایم نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اور رکن رابطہ کمیٹی سید امین الحق نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن کی عوام نے آج کالے بلدیاتی قانون کومکمل طورپر مسترد کردیا ہے اورشہری سندھ کے عوام اورایم کیوایم پاکستان کالے بلدیاتی قانون کو مکمل مسترد کرتی ہے۔ پیپلزپارٹی کی کرپٹ سندھ حکومت شہری سندھ کو پیچھے کی جانب دھکیل رہی ہے اور اب کالے بلدیاتی قانون کے ذریعے شہری سندھ کے ادارے بھی کرپٹ سندھ حکومت کے سپرد کیے جارہےہیں۔

امین الحق نے کہا کہ سندھ حکومت کو متنبہ کرتا ہوں کہ ان کی سازش سے شہری سندھ کےعوام میں غم وغصہ بڑھ رہا ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین آصف علی زرداری خفیہ رائے شماری سے میئرکراچی کا انتخاب کرنا چاہ رہے ہیں۔آصف زرداری اربوں روپے کے ذریعے یوسی چیئرمین خرید کر میئر کراچی لگانا چاہ رہے ہیں۔

نئے صوبے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں اب نئے صوبے بننے چاہیے اورجنوبی صوبہ سندھ کےلئے ہم تمام قربانیاں دینے کو تیارہیں جبکہ جنوبی صوبہ سندھ کے قیام کیلئےدھرنوں سمیت تمام اقدامات شروع ہورہے ہیں۔ جنوبی صوبہ سندھ میں کسی پاپڑاور فالودہ والے کے اکاؤنٹ سے آصف زرداری کے پیسے نہیں برآمد ہونگے۔

امین الحق نے کہا کہ دیگر صوبوں میں تمام میگا پروجیکٹ صوبائی حکومتیں بناتی ہیں لیکن سندھ حکومت نا اہلی،کرپشن اورتعصب کی بنیاد پرکراچی کو ایک منصوبہ نہیں دے سکی ہے۔ کراچی اورحیدرآباد کےعوام پانی کی بوند بوند کر ترس گئے تاہم کےفور کا منصوبہ وفاقی حکومت کے ذریعے جلد مکمل کرلیں گے۔

اس موقع پرایم کیوایم پاکستان کے سینئرڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ سندھ حکومت نے جعلی اکثریت کی بنیاد ہرایک بلدیاتی بل پاس کیا اوراپوزیشن کو چپ کروا کر زبردستی نئے بلدیاتی بل کو پاس کرایا۔ نئےبلدیاتی بل کے خلاف ایم کیوایم پاکستان اور شہری سندھ عوام سراپا احتجاج ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو کورنگی میں مظاہرہ کرنے پر دھمکی دی گئی کہ ہمارے خلاف ایف ائی آر کاٹی جائے گی۔ حکومت سندھ کی ایف آئی آر کی دھمکیوں سے ہم نہیں ڈرتے ہیں۔

پیپلزپارٹی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ شہری سندھ پیپلزپارٹی کی سازشوں کو جانتے ہیں اس لئےان کو ووٹ نہیں دیتے ہیں۔ کلچر ڈے کے موقع پر پورے کراچی میں سندھو دیش کے نعرہ لگائے گئے۔پیپلزپارٹی پاکستان کی ہمدرد نہیں بلکہ سندھودیش کی حامی ہے۔

عامرخان نے مزید کا کہ ایم کیوایم پاکستان کے میئر وسیم اختر 4 سال تک وسائل مانگتے رہے مگر سندھ حکومت نے اختیارات نہیں دیے۔ اختیارات کی منتقلی کے بجائے کراچی کے بچے کچے اختیارات بھی پیپلزپارٹی نے اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔

ایم کیوایم رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ شہری علاقوں کے ساتھ نا انصافی کی اور سندھ میں لسانی فسادات کے پیچھے بھی پیپلزپارٹی ملوث ہے۔ ایم کیوایم پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کوایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس رکھی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More