کسی کی 53 بیویاں تو کسی کو شادیوں کی سنچری کا شوق۔۔ دنیا کے کچھ ایسے لوگ جنہوں نے زیادہ شادیاں کرکے نئی مثال قائم کردی

ہماری ویب  |  Sep 19, 2022

کہتے ہیں کہ شادی کا لڈو جو کھائے وہ بھی پچھتائے اور جو نا کھائے وہ بھی پچھتائے۔ کچھ لوگ تو شادی کا لڈو ایک بار کھا کر ہی کانوں کو ہاتھ لگا لیتے ہیں لیکن کچھ ایسے جانباز بھی ہوتے ہیں جو بار بار یہ لڈو کھانے کی صرف خواہش نہیں رکھتے بلکہ یہ لڈو کھا کھا کر ریکارڈز بھی قائم کردیتے ہیں۔

53 شادیاں

اب اس سعودی شہری کو ہی دیکھ لیں جس نے سکون کی تلاش میں 53 شادیاں کرلیں۔ 43 سالہ ابو عبداللہ کا کہنا ہے کہ کثیر شادیوں کی وجہ ایک ایسی عورت کی تلاش تھی جو انھیں خوش رکھ سکے۔

عبداللہ کا کہنا ہے کہ تمام بیویوں کے ساتھ انصاف کرنے کی کوشش کی، پہلی شادی 20 سال کی عمر میں 6 سال بڑی خاتون سے ہوئی، جب ان کی پہلی مرتبہ شادی ہوئی اس وقت انھوں نے ایک سے زائد شادیوں کا فیصلہ نہیں کیا تھا لیکن 23 سال کی عمر میں کچھ مسائل کی وجہ سے دوسری شادی کا فیصلہ کیا۔

سعودی شخص کے مطابق دوسری شادی کے بعد بیویوں کے درمیان مسائل اور کشیدگی کے باعث پھر سے شادیوں کا سوچا اور اس طرح انھوں نے 43 سال میں 53 شادیاں کیں۔

سعودی شخص کا کہنا ہے کہ ان کی سب سے کم عرصے تک چلنے والی شادی کا دورانیہ ایک رات کا تھا، زیادہ تر شادیاں سعودی خواتین سے کیں جبکہ غیر ملکی دوروں کے دوران غیر ملکی خواتین سے بھی شادیاں کیں۔

عبداللہ اب مزید شادی کا ارادہ نہیں رکھتے تاہم اتنی زیادہ شادیوں کی وجہ سے سعودی شہری کو ’صدی کےکثیر الازدواج شخص‘ کا خطاب بھی دیا گیا ہے۔

16 بیویاں اور 151 بچے

زمبابوے کے 67 سالہ مشیک نیا نڈرو کی 16 بیویاں اور 151 بچے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اگر ممکن ہوسکا تو وہ اس تعداد کو 100 بیویوں اور ایک ہزار بچوں تک لے جائیں گے۔ مشیک ایک ریٹائر فوجی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ کوئی ملازمت یا کام نہیں کرتے بلکہ ان کی فل ٹائم جاب بیویوں کو خوش رکھنا ہے۔

9 بیویاں

سعودی عرب میں 9 بیویوں کے شوہر کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاں جو شخص زیادہ شادیاں کرتا ہے اس کو خواتین اس لئے بھی پسند کرتی ہیں کیونکہ وہ انصاف پسند ہوتا ہے، ہمارے ملک میں شادی کی خواہش کرنے والا مرد ہی سارے اخراجات اٹھاتا ہے جس پر لڑکیاں خود بھی پہلے سے شادی شدہ مرد سے شادی کرنے کو خوش آئند سمجھتی ہیں۔

11 شادیاں

بھارت میں حیدرآباد کا ادپا شیوشنکر بابو بھی شادیوں کے حوالے سے مشہور ہے لیکن یہ شخص نوسربازی کیلئے شادیاں کرتا ہے، یہ شخص کسی خاتون سے دھوکے سے شادی کرتا ہے اور پھر اس سے پیسے بٹورتا اور پھر نئی کی تلاش میں نکل پڑتا ہے اور آٹھویں بیوی نے اس شخص کا بھانڈا پھوڑ کر ریکارڈ بننے سے روک دیا ہے۔

18 شادیاں

بھارتی ریاست اڑیسہ کا بیبھو پرکاش سوین نامی شخص 18 سے زائد شادیاں کرنے پر پولیس کی گرفت میں آچکا ہے۔ اس نے اپنی بیویوں کے پتے میڈم دہلی، میڈم آسام یا میڈم یو پی کے نام سے موبائل میں محفوظ کیے جو ان شہروں اور علاقوں کے نام ہیں جن سے وہ تعلق رکھتی ہیں۔ بیبھو پرکاش سوین 40 سال کی عمر کی غیرشادی شدہ، بیوہ یا طلاق یافتہ خواتین کو نشانہ بناتا تھا۔

پولیس کے مطابق شادی کے چند ماہ بعد ملزم نے اپنی بیویوں سے مختلف بہانوں سے پیسے مانگنا شروع کردیے اور وہ ہمیشہ کہتا تھا اسے رقم کی اشد ضرورت ہے جسے وہ جلد لوٹا دے گا۔ملزم پر جعلی شناخت سے لیے گئے 128 کریڈٹ کارڈز کے ذریعے 13 بینکوں سے ایک کروڑ بھارتی روپے سے زائد کے فراڈ کا بھی الزام ہے ۔

شادی کا لڈو

مرد چاہا بوڑھا ہو یا جوان اس کے دل میں شادی کی خواہش ہمیشہ موجود رہتی ہے کیونکہ شادی ہر مذہب اور ہر معاشرے میں نہایت اہمیت رکھتی ہے اورشادی انسانی زندگی کا وہ موقع ہوتا ہے جو کہ معاشرتی زندگی میں بڑی تبدیلی کا باعث بنتا ہے اورانسان کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ یہاں میڈیکل سائنس بھی شادی کے کئی طبی فوائد کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ اس تحریر کا ہر گز مقصد آپ کو زیادہ شادیوں کی طرف مائل کرنا نہیں ہے کیونکہ ہر مذہب اور معاشرے میں شادیوں کے حوالے سے کچھ قوائد و ضوابط بھی موجود ہیں اس لئے اگر آپ نے یہ لڈو کھالیا ہے تو اس کو ہضم کرنے کی کوشش کریں اور جو اب تک اس لڈو سے محروم ہیں ان کو پہلے موقع دیں تاکہ انہیں بھی اس اندازہ ہوکہ اور بھی غم ہیں زمانے میں شادیوں کے سوا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More