پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، صدر کا خطاب،بیشتر ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر چلے گئے

ہم نیوز  |  Oct 06, 2022

قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر پاکستان عارف علوی کے خطاب کے دوران حکومتی اور اپوزیشن کے بیشتر ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر چلے گئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز نے شرکت نہیں کی۔

صدر کے خطاب کے دوران اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سمیت پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے احتجاج اور نعری بازی کی جب کہ خواجہ آصف ایوان میں دیگر اراکین کو واک آوٹ کے لیے قائل کرتے رہے۔

صدر عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیلاب اس سال پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، افواج پاکستان نے مشکل میں اتر کر لوگوں کی مدد کیی، وفاقی و صوبائی حکومتوں، این ڈی ایم اے، این جی اوز نے بہترین انداز سے متاثرین کی مدد کی، موسمیاتی تبدیلی میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب نے پاکستان کی سرزمین پر مشکلات پیدا کی ہیں جب کہ 1500 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات مرتب ہو رہے ہیں، حکومت کی متاثرین سیلاب کیلئے کوششیں قابل تعریف ہیں۔

صدر نے کہا کہ سیلاب سے ہماری زراعت کو بھی بہت نقصان ہوا جو پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے، پاکستان آزاد ہوا تو یہاں دنیا کا بہترین نہری نظام موجود تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More