کراچی میں پی ٹی آئی قیادت میں مائیک پر جھگڑا، ’ہم سب خان کے سپاہی ہیں‘

اردو نیوز  |  Mar 20, 2023

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ذمہ داران میں کے اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے، عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خلاف احتجاج میں فردوس شمیم نقوی اور حال ہی میں پی ٹی آئی کے صدر بننے والے آفتاب صدیقی کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے اور سٹیج پر بد نظمی کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مرکزی قیادت نے رہنماؤں کو مل کر چلنے کی ہدایت کی ہے۔

اس ضمن میں اتوار کی رات ایک اہم بیٹھک کراچی میں رکھی گئی اور دونوں رہنماؤں کے درمیان صلح کروا دی گئی ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے اتوار کے روز عمران خان کی لاہور میں رہائش گاہ زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خلاف گلستان جوہر کراچی میں احتجاج کی کال دی گئی تھی۔

مظاہرین سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی خطاب کر رہے تھے کہ اچانک آفتاب صدیقی نے اس وقت ان کے ہاتھ سے مائیک چھینا جب وہ یہ کہہ رہے تھے کہ ’لاہور زمان پارک سے خبر آ رہی ہے کہ پھر ریڈ الرٹ ہے، میں عوام سے کہتا ہوں کہ کسی پیغام کا انتظار مت کیجیے گا۔‘

سٹیج پر موجود پی ٹی آئی کے ایک سینیئر کارکن نے اردو نیوز کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ آفتاب صدیقی کے مائیک لینے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور سخت جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔

بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی اپنا خطاب ادھورا چھوڑ کر سٹیج سے نیچے اتر گئے۔

واقعے کے بعد رابطہ کرنے پر فردوس شمیم نقوی نے اردو نیوز کو بتایا کہ کراچی مظاہرہ میں آفتاب صدیقی اور ان کے درمیان کوئی جھگڑا نہیں ہوا۔ ’ہم سب خان کے سپاہی ہیں اور مل کر اس جدوجہد میں خان کا ساتھ دے رہے ہیں۔‘

کراچی میں عمران خان کے حق میں ہونے والے احتجاج میں مائیک چھینے کے سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ آفتاب صدیقی یہ مجھے یہ بتانے آئے تھے کہ رات زمان پارک میں پھر کچھ ہونے جارہا ہے۔ اس لمحے کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کراچی کے موجودہ صدر آفتاب صدیقی نے اس موضوع پر مؤقف دینے سے معذرت کی ہے۔

ان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’پی ٹی آئی رہنماؤں میں جھگڑے کی خبریں بے بنیاد ہیں، وقتی طور پر معاملات کسی بھی جگہ ہوسکتے ہیں ملک میں اس وقت غیر یقینی کی صورتحال ہے ایسے میں احتجاج اور کارکنوں کویکجا رکھنا کراچی قیادت کی اولین ترجیح ہے۔‘

پی ٹی آئی کراچی کے سینیئر رکن کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کراچی میں مسلسل عہدوں اور تنظیمی معاملات میں چپقلش موجود ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حال ہی میں کئی سینیئر کارکنان کو نظر انداز کر کے آفتاب صدیقی سمیت دیگر کو تنظیم میں اہم عہدے دیے گئے ہیں جس پر کئی رہنما اور کارکن نالاں ہیں۔

تلخ کلامی کے بعد رات کو دونوں رہنماؤں کے درمیان صلح کروا دی گئی۔ فوٹو؛ سکرین گریبانہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کے مظاہرے میں پیش آنے والے واقعے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے اس پر نوٹس لیا ہے۔ اور آفتاب صدیقی اور فردوس شمیم نقوی کی رات گئے ملاقات کروائی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک دو روز میں دونوں رہنماؤں کی ایک مشترکہ پریس کانفرنس بھی ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More