انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین گریک بارکلے آج چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی سے لاہور میں ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین آئی سی سی اور پی سی بی چیئرمین کے درمیان ملاقات میں ایشیا کپ کے وینیو کے حوالے سے بات ہوگی۔ اس موقع پر پی سی بی بھارت کے ایشیا کپ نہ کھیلنے پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کرے گا۔
چیئرمین آئی سی سی کے ہمراہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جیوف آلارڈائس بھی ملاقات میں شامل ہوں گے۔ اس سے قبل چیئرمین آئی سی سی کے لاہور پہنچنے پر پی سی بی کے سینئر حکام کی جانب سے انکا استقبال کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے آئی سی سی کے جنرل مینجر وسیم خان کا کہنا ہے کہ آج بات چیت نتیجہ خیز ہونے کی توقع ہے۔ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کی کئی معاملات میں پی سی بی حکام سے بات چیت ہوگی۔ ورلڈکپ کے حوالے سے دونوں ملکوں اور آئی سی سی کے اعلیٰ عہدیداروں نے ہی کسی نتیجے تک پہنچنا ہے۔
یہ بھی ذہن میں رہے کہ پی سی بی کی جانب سے بارہا یہ مؤقف اپنایا جاتا رہا ہے کہ اگر بھارت پی سی بی کے تجویز دیے گئے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم نہیں کرتا تو اس صورت میں حکومت، پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی ورلڈکپ میں شرکت کرنے کیلئے بھارت جانے سے منع کرسکتی ہے۔