تحریک انصاف کو خیبرباد کہنے والے رہنماؤں نے فواد چودھری کی قیادت میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں سے رابطے شروع کر دیے ہیں اور آج راولپنڈی کی اڈیالہ میں پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ’پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کے آج مذاکرات ہوئے ہیں۔ 25 کروڑ عوام کو آصف علی زدرداری اور نواز شریف کے سہارے نہیں چھوڑا جا سکتا۔‘بدھ کو تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں فواد چودھری اور عمران اسماعیل، عامر کیانی اور مولوی محمود نے اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے بتایا کہ ’پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔ علی زیدی ، پرویز خٹک، اسد عمر، فرخ حبیب اور عاطف خان سے رابطہ کیا ہے، شاہ محمود قریشی سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔‘انہوں نے کہا کہ ’اس حکومت کو اپوزیشن کے بغیر ایسے کُھلا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ملک کو پی ڈی ایم کے سہارے نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ہمارا ماننا ہے کہ پاکستان کو مستحکم حل کی طرف جانا ہے۔ ہمیں حل نکالنا ہے، حل نکالنے کی طرف جائیں گے۔‘فواد چودھری نے مزید کہا کہ ’سمجھتے ہیں کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق آگے بڑھے گی۔ جو کچھ ہوا ہماری اجتماعی ذمہ داری تھی کہ ایسا نہ ہوتا۔ اپنے بے گناہ کارکنوں کو جیلوں سے رہا کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔‘