آئی پی ایل میں سنچری اور سب سے زیادہ رنز بنا کر بھی وراٹ کوہلی تنقید کی زد میں

بی بی سی اردو  |  Apr 07, 2024

انڈین پریمیئر لیگ یعنی آئی پی ایل کا 17 واں سیزن اپنے عروج پر ہے اور ملک بھر کے سٹیڈیمز میں چھکوں کی بارشیں ہو رہی ہیں۔

بعض ٹیمیں 20 اوورز میں 250 رنز سے زیادہ سکور کر رہیں ہیں لیکن پہلی سنچری کے لیے اسے 19 میچوں تک انتظار کرنا پڑا اور پھر سنچری آئی بھی تو آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے کھلاڑی وراٹ کوہلی کی جانب سے۔

لیکن جہاں کوہلی کی اس سنچری کے لیے ان کی پزیرائی ہو رہی تھی وہیں جب راجستھان رائلز کے بیٹسمین جوز بٹلر نے سنچری بنا کر وراٹ کی سنچری کی چمک چھین لی تو سنچری بنانے کے بعد بھی کوہلی سوشل میڈیا پر ٹرول ہوتے نظر آئے اور جہاں ’کوہلی‘ ٹرینڈ دوسرے نمبر پر چلتا رہا وہیں 'سلویسٹ' بھی ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہا۔

گذشتہ رات انڈیا کے شہر جے پور میں راجستھان رائلز کی ٹیم ایک نئی گلابی جرسی میں کیا اتری کہ پورا سٹیڈیم گلابی ہو گيا۔

کوہلی نے اپنی اس اننگز کے دوران آئی پی ایل میں اپنے ساڑھے سات ہزار رنز مکمل کیے۔ ویسے وہ پہلے سے ہی آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

جب انھوں نے سنچری بنائی تو یہ آئی پی ایل میں ان کی آٹھویں اور ٹی20 میں ان کی نویں سنچری تھی۔

انھوں نے اپنی سنچری 67 گیندوں پر بنائی جبکہ وہ 72 گیندوں پر 113 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ کوہلی کی یہ سنچری آئی پی ایل کی سست ترین سنچری میں شامل ہو گئی ہے۔

اس سے قبل سنہ 2009 میں منیش پانڈے نے 67 گیند پر ہی سنچری سکور کی تھی جو کہ اب تک کی سست ترین سنچری تھی۔

جب کوہلی سے اس بابت پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ گیند بیٹ پر نہیں آ رہی تھی اور شاٹ کھیلنا مشکل ہو رہا تھا۔ انھوں نے اپنی اس اننگز کے دوران 12 چوکے اور چار چھکے بھی لگائے۔

بٹلر کی سنچری

لیکن جب 184 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے راجستھان رائلز کی ٹیم میدان میں اتری تو اسے پہلے ہی اوور میں اوپنر جیسوال کے روپ میں نقصان اٹھانا پڑا پھر کپتان سنجو سیمسن اور انگلینڈ کے معروف بیٹسمین جوز بٹلر نے اپنے سٹروکس سے کھیل کا رخ بدل دیا۔

بٹلر نے 58 گیندوں پر چھکے کے ساتھ اپنی سنچری مکمل کی اور شاید دونوں سنچریوں کے درمیان گيندوں کا یہی فرق جیت اور ہار کا سبب بنا۔

راجستھان رائلز اپنے سار ے چار میچز جیت کر اب ٹورنامنٹ میں سر فہرست ہے جبکہ پوائنٹس ٹیبل رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) مستقل تیسری شکست کے بعد آٹھویں نمبر پر ہے۔

اگرچہ کوہلی رواں سیزن سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں اور انھوں نے اب تک کی پانچ اننگز میں 105 کی اوسط سے 316 رنز بنائے ہیں۔ ان کے پیچھے راجستھان رائلز کے بیٹسمین ریان پراگ اور سنجو سیمسن ہیں جنھوں نے چار چار میچز میں بالترتیب 185 اور178 رنز بنائے ہیں اور وہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

ان سب کے باوجود سوشل میڈیا پر سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ کیا اب کوہلی چھوٹے فارمیٹ کے زیادہ مؤثر بیٹسمین نہیں رہے۔

یہ سوال اس لیے بھی کیے جا رہے ہیں کہ اسی سال ٹی 20 کا ورلڈ کپ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جانا ہے جس کے لیے انڈیا کی کرکٹ کنٹرول بورڈ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے کپتان روہت شرما کے نام کا اعلان تو کر دیا لیکن وہ وراٹ کوہلی کے نام پر بات ٹال گئے۔

جس کے بعد یہ اندازہ لگایا جانے لگا کہ شاید کوہلی کو اس انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کے لیے آئی پی ایل میں اپنا دم خم دکھانا پڑے گا اور انھوں نے اب تک اپنا دم خم دکھایا بھی ہے جبکہ ایک میچ میں پلیئر آف دی میچ منتخب ہونے پر انھوں نے معروف کمینٹیٹر ہرش بھوگلے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام نہ صرف بھیڑ کو اکٹھا کرنے کے لیے ہے بلکہ ان میں ابھی بھی بیٹنگ باقی ہے۔ اور یہ اشارہ واضح طور پر جے شاہ کی بات کا جواب تھا۔

کیا وراٹ کوہلی ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈین ٹیم کا حصہ ہوں گے؟انڈین شائقین بہترین کھیل پیش کرنے والے وراٹ کوہلی کو ’خود غرض‘ کیوں کہہ رہے ہیں؟ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: کیا وراٹ کوہلی کی اب ٹیم انڈیا میں جگہ نہیں بنتی؟ سوشل میڈیا پر کوہلی کی ٹرولنگ

کوہلی کے جتنے چاہنے والے ہیں اس کا اندازہ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد سے ہوتا ہے کیونکہ وہ انڈیا کے سب سے زیادہ فالورز والے شخص ہیں۔ ان سے آگے نہ تو انڈین وزیر اعظم مودی ہیں اور نہ ہی تنڈولکر ، دھونی یا شاہ رخ اور سلمان یا کوئی اور ان کا دور دور تک مقابل نظر آتا ہے۔

اس حقیقت کے باوجود کوہلی کو ٹرول کرنے والے بھی اتنے ہی ہیں۔ آیوش نامی ایک صارف نے سنجو سیمسن کی پریزینٹیشن کی تصویر ڈال کر لکھا کہ ’ہمارا سادہ سا منصوبہ تھا کہ ہم کوہلی کو پورے 20 اوورز کھیلنے دیں اس طرح ہم انھیں (آر سی بی کو) 190 رنز سے نیچے رکھ سکتے ہیں اور ہم کامیاب رہے۔‘

https://twitter.com/RofiedAyush/status/1776665728583958927

جبکہ بلنٹ انڈیا گل نامی ایک صارف پری نے کوہلی کی ایک اداس تصویر ڈال کر لکھا کہ آر سی بی نے ’ول جیکس کو نہیں کھلایا، فرگیوسن کو نہیں کھلایا، لومرور تو 11 کھلاڑی میں بھی نہیں ہیں۔ میکسول چاروں میچز میں ناکام رہے۔ فاف (ڈوپلیسی) اپنے پرانے رنگ میں نہیں ہیں۔ سراج رنز دے رہے ہیں۔ لیکن ہم کوہلی پر الزام ڈال رہے ہیں جو کہ آر سی بی کے لیے تنہا کھڑا ہوئے ہیں۔‘

https://twitter.com/BluntIndianGal/status/1776664842046202003

کئی صارفین نے لکھا کہ ابھی تک کوہلی نے ٹیم کے لیے تنہا 316 رنز بنائے جبکہ باقی سب نے مل کر 496 رنز بنائے ہیں۔ اس سے واضح ہے کہ وہ تنہا ہی سکور کر رہے ہیں۔

جبکہ بہت سے صارف نے لکھا کہ 'وراٹ کوہلی کا نیا سنگ میل، آئی پی ایل کی سست ترین سنچری'۔

کولی سینسر نامی ایک صارف نے سنجو سیمسن کی ایک مسکراتی ہوئی تصویر ڈال کر لکھا ہے کہ انھیں 'وراٹ کوہلی کی سنچری نے بٹلر کی سنچری سے زیادہ فائدہ پہنچایا۔'

جبکہ دوسری جانب سپورٹس سٹار کے ساتھ بات کرتے ہوئے سابق انڈین کرکٹر امبتی رائیڈو نے کہا کہ ’گذشتہ رات کولی کی اننگز خود غرضی سے بالکل پاک تھی۔ انھوں نے ٹیم کے لیے کھیلا۔ وہ اپنے سٹرائیک ریٹ سے زیادہ کی شرح سے باؤنڈری لگا سکتے تھے اور آوٹ ہو سکتے تھے لیکن انھوں نے وہی کیا جو ان کی ٹیم ان سے چاہتی تھی۔‘

جبکہ انٹرنیشنل کرکٹر اور آر سی بی کے منیٹور اینڈی فلاور نے کہا کہ ’ہماری بیٹنگ لائن اپ کے ساتھ مسئلہ ہے۔ وراٹ کوہلی اپنے بہترین فارم میں ہیں لیکن دوسرے کھلاڑی فارم اور اعتماد کے معاملے میں جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم بہت کچھ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کوہلینے شاندار کھیل پیش کیا۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ جب بھی کوہلی نے 50 گیندیں کھیلی ہیں ان کی ٹیم 96 فیصد میچز ہاری ہے۔

ان سارے اعدادوشمار کے باوجود کوہلی نے فیلڈنگ میں بھی ایک ریکارڈ قائم کیا ہے اور اب وہ سوریش رینا کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیاد کیچ پکڑنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انھوں نے مجموعی طور پر اب تک آئی پی ایل میں 110 کیچز لیے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: کیا وراٹ کوہلی کی اب ٹیم انڈیا میں جگہ نہیں بنتی؟ کیا وراٹ کوہلی ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈین ٹیم کا حصہ ہوں گے؟انڈین شائقین بہترین کھیل پیش کرنے والے وراٹ کوہلی کو ’خود غرض‘ کیوں کہہ رہے ہیں؟کوہلی: رنز کے انبار لگانے والے انڈین سپر سٹار کے بلے کو ’زنگ‘ کیسے لگا
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More