وزیر اعظم شہباز شریف اور یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، کثیر جہتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ

اے پی پی  |  Apr 19, 2024

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے مشترکہ اقدامات پر زور دیتے ہوئے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اس شعبے میں اپنے تعاون کو مضبوط کرنے کی تجویز دی ہے۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے اس بلند حوصلے، مضبوط عزم اور بے مثال کارکردگی کو سراہا جس کے ساتھ انہوں نے حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر کی تعریف کی جنہوں نے ایک بار پھر اپنی شاندار قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اماراتی عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بھی حالیہ دنوں میں شدید بارشیں ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے مشترکہ اقدامات پر زور دیا اور تجویز دی کہ دونوں ممالک اس شعبے میں اپنے تعاون کو مضبوط کریں۔

متحدہ عرب امارات کے صدر نے وزیراعظم کی نیک تمناؤں کو سراہتے ہوئے پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لئے اپنی نیک تمناؤں اور جذبات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کثیر جہتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More