آئی ایم ایف سے نئے قرض کا معاہدہ جولائی کے اوائل میں طے پانے کی امید ہے: وزیر خزانہ

اردو نیوز  |  Apr 23, 2024

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے قرض کے حصول کے لیے رواں سال جون کے اواخر میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے سٹاف لیول معاہدہ طے پا جائے گا۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق منگل کو پاکستانی وزیر خزانہ نے اسلام آباد میں ایک کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ’ہمیں تاحال امید ہے کہ جون کے اواخر یا جولائی کے شروع میں آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ کر لیں گے۔‘

پاکستان کا آئی ایف ایم کے ساتھ تین ارب ڈالر قرض کا پروگرام رواں ماہ ختم ہو رہا ہے۔ گزشتہ برس اس معاہدے کی وجہ سے پاکستان نے دیوالیہ ہونے کے خطرے کو ٹال دیا تھا۔ 

پاکستان میں سٹرکچرل ریفارمز یا اصلاحات اور ملک کے میکرواکنامک استحکام کے لیے حکام آئی ایم ایف سے بڑے قرضے کے حصول کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان کے وزیر خزانہ نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وفد کے ہمراہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ ’ہم نے واشنگٹن میں بہت اچھی بات چیت کی ہے۔‘

پاکستان کے وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ اس موقع پر یہ نہیں جانتے کہ آئی ایم ایف سے قرض کا نیا پروگرام کتنی مالیت کا ہوگا اور اس کا دورانیہ کیا ہوگا۔

قبل ازیں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے نئے قرض کے لیے معاملات پر مئی میں پیش رفت ہو گی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جمعے کو خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آئی ایم ایف کے ساتھ تین ارب ڈالر کے موجودہ معاہدے کی مدت اپریل کے اواخر میں مکمل ہو رہی ہے اور اب حکومت ایک بڑے اور طویل دورانیے کے قرض کے حصول کی کوشش کر رہی ہے تاکہ معاشی چیلنجز سے نمٹا جا سکے اور ضروری اصلاحات کی جا سکیں۔‘ 

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی بدھ کو آئی ایم ایف کی مینیجنگ کرسٹینا جیوجوا سے امریکہ میں ملاقات بھی ہوئی۔

روئٹرز کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے مزید چھ ارب ڈالر کے قرض کے حصول کی کوشش کر رہا ہے تاہم وزیر خزانہ نے نئے قرض کے حجم کے بارے میں سوال کا جواب نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’جب پاکستان کے لیے قرض کی منظوری ہو جائے تو ہم ریزلیئنس اینڈ سسٹینیبلٹی ٹرسٹ کے تحت مزید فنڈز کی درخواست بھی کریں گے۔‘

گذشتہ چند مہینوں میں پاکستان نے اپنے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کی کوششیں کی ہیں اور یہ لگ بھگ دو ماہ کی درآمدات کے لیے زرمبادلہ اکٹھا کر چکا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ’میرے خیال میں اس وقت ہم بہتر پوزیشن میں ہیں۔ رواں مالی سال یا آئندہ ایک برس تک کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہو گا۔ ہمیں ہر مالی سال میں قرضوں کی ادائیگی کی مد میں 25 ارب ڈالر درکار ہوتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اب ہماری ریٹنگ بہتر ہو گئی ہے اور اگلے مالی سال میں اس میں مزید بہتری کے لیے حکومت پرامید ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More