نان سٹمپڈ اور جعلی سگریٹس کی فروخت کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن ،96 ملین روپے مالیت کے سگرٹیس ضبط

اے پی پی  |  Apr 23, 2024

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):چیئرمین ایف بی آرملک امجد زبیر ٹوانہ کی ہدایات پر اور ممبر ان لینڈ ریونیو (آپریشنز) میر بادشاہ خان وزیر کی براہ راست نگرانی میں ان لینڈ ریونیو کی فیلڈ فارمیشنز نے نان سٹمپڈ اور جعلی سگریٹس کی فروخت کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کیا جس کے دوران سگرٹیس کے 1235 پیکٹس جن کی کل مالیت تقریباً 96 ملین روپے ہے ضبط کیے گئے۔

کریک ڈاؤن کے دوران ملک بھر میں 4652 پرچون فروشوں کی دکانوں کی جانچ پڑتال کی گئی جس میں سے 33 دکانوں کو تمباکو کی غیر قانونی تجارت کرنے پر سیل کر دیا گیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ غیر قانونی سگریٹس کی خرید و فروخت روکنے کے لئے 1047 افراد پر مشتمل 204 ٹیموں نے کریک ڈاؤن میں حصہ لیا۔چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور ممبر آئی آر(آپریشنز) میر بادشاہ خان وزیر نے اس مہم میں حصہ لینے والی فیلڈ فارمیشنز کی کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے تسلیم کیا کہ کم انسانی وسائل اور لاجسٹکس کے باوجود ان لینڈ ریو نیو انفورسمنٹ نیٹ ورک سگریٹس کی غیر قانونی تجارت کی لعنت ختم کرنے کے لئے مسلسل کوششیں کررہا ہے۔

مزید یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ سگریٹس کی غیر قانونی تجارت اور حکومت کا ریونیو چوری کرنے والے مجرموں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور اُن کے خلاف متعلقہ فوجداری قوانین کے تحت مقدمات چلائے جائیں گے۔ کریک ڈاؤن کے اگلے مرحلے میں اس جرم کا دوبارہ ارتکاب کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More