انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کےچائنا پاکستان سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر طلعت شبیر کاسولر سسٹم کی تقسیم کی تقریب سے خطاب

اے پی پی  |  Apr 23, 2024

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):چین کی معروف توانائی کمپنی ژن ژینگ نے کلر سیداں کے گائوں ٹکال سے تبدیلی کا سفر شروع کر دیا ہے جس سے درمیانی سے کم آمدنی والے پس ِمنظر کے 3 ہزار سے زائد باشندوں کے لیے اُمید اور ترقی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ ٹکال کلر سیداں تحصیل کی چوہا خالصہ یونین کونسل کا ایک بڑا گاؤں ہے۔ کمپنی کی جانب سے ٹکال گاؤں کی کمیونٹی کے لیے سولر سسٹم کی تقسیم ایک اہم قدم ہے۔

منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق چینی کمپنی ژن ژینگ کی طرف دیے گئے سولر سسٹم کا ٹکال کے عوام اور عمائدین نے خیر مقدم کیا ہے۔ علاقہ معززین کے علاوہ مختلف سیاسی وابستگیاں رکھنے والے عوامی نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی اور اِس اقدام کی بھر پور حمایت کی۔ ڈاکٹر طلعت شبیر ٹکال کے رہائشی اور انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں چائنا پاکستان سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر ہیں۔ اِس موقع پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے دیہی علاقوں کوروشن کرنے کے لیے چین کی زین زنگ کمپنی کے عزم کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس کوشش سے مستفید ہونے والے 200 سے زیادہ مستحق خاندانوں کی نشاندہی کی گئی اور اُن کی توانائی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے سولر سسٹم دیے گئے ہیں۔ کمیونٹی کے تعاون کے لیے اظہار تشکر کرتے ہوئے کمپنی کے چیئرمین ڈیوڈ لی نے ٹکال گاؤں سے شروع ہونے والی اِس مہم کے ساتھ اپنی لگن کا اظہار کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سولر انرجی ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ کمپنی اپنی لیتھیم بیٹری کی تیاری اور پاور سسٹم کے جامع حل کے لیے مشہور ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2025 تک پاکستان میں ایک پیداواری یونٹ قائم کرنے کے لیے تیار ہے جس سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا اور سولر سے متعلق مہارت کو فروغ ملے گا۔ تحقیق اور ترقی پر توجہ کے ساتھ کمپنی کا مقصد جدید حل متعارف کروانا ہے جس میں شمسی توانائی سے چلنے والی گاڑیاں، ریفریجریٹرز، اوون اور الیکٹرک سکوٹر بھی شامل ہیں۔ کمپنی کی طرف سے فراہم کردہ سولر کٹس میں چارجنگ یونٹس، دو لائٹ بلب، اور ایک سولر پینل شامل ہیں۔ کمپنی کا سولر پاور سسٹم چھوٹے دیہی گھرانوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس سے ایک پنکھا اور تین بلب جلائے جاسکتے ہیں اور یہ 8 سے 10 گھنٹے تک کے لیے شمسی پینلز کے ذریعے مؤثر طریقے سے چارج ہو سکتے ہیں۔

بجلی کے بلوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے بہت سے شہری مالی دباؤ کو کم کرنے کے لیے تیزی سے شمسی توانائی کی طرف رُخ کر رہے ہیں۔ روایتی توانائی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے افراد اور گھرانوں کو پائیدار متبادل تلاش کرنے پر آمادہ کیا ہے جو نہ صرف حد سے زیادہ بلوں سے نجات فراہم کرتے ہیں بلکہ ماحولیاتی تحفظ میں بھی حصہ ڈالتے ہیں۔ شمسی توانائی ایک پرکشش حل پیش کرتی ہے، جو توانائی کا ایک قابل تجدید اور سرمایہ کاری مؤثر ذریعہ فراہم کرتی ہے۔ تقریب سے راجہ جاوید اخلاص ، میجر لطاسب ستی، چوہدری ریاض، اور چوہدری سرفراز افضل نے خطاب کیا۔ سولر سسٹم کی تقسیم کی تقریب میں چوہدری جاوید کوثر کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More