سعودی عرب پاکستان میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا: وزیر منصوبہ بندی

اردو نیوز  |  Apr 23, 2024

پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

 سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی پی) کے مطابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے منگل کو اسلام آباد میں بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا کردار قابل ستائش ہے۔

پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے مطابق اس موقعے پر وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ جلد وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ بھی کریں گے۔

بزنس سمٹ سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ ’سات فیصد معاشی گروتھ سے 2047 تک پاکستان دو ہزار ارب ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے اور نو فیصد گروتھ کے ساتھ یہ تین ہزار ارب ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ دیگر خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات، کویت اور قطر سے بھی بات چیت جاری ہے تاکہ پاکستان میں زیادہ میں زیادہ سرمایہ کاری کی جا سکے۔

’حکومت معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے جبکہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے امن، استحکام اور پالیسیز کا تسلسل ضروری ہے، کم از کم 10 سال کا تسلسل ہونا چاہیے۔‘

’اگر پاکستان میں سیاسی تسلسل قائم نہ ہوا تو دائروں میں گھومتے رہیں گے جس سے ملک پیچھے رہ جائے گا۔‘

احسن اقبال نے کہا کہ ’اگر پاکستان اگلے ساتھ برس میں اپنی برآمدات میں 100 ارب ڈالر کا اضافہ کرتا ہے تو اسے بڑی معاشی اٹھان مل سکتی ہے۔‘

وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ ’ہم غیرضروری ریگولیشنز کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ نجی شعبے کے لیے راستہ کلیئر کرنا ہو گا۔‘

انہوں حکومت کی آمدن اور اخراجات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کا سالانہ ریونیو ساے ہزار ارب روپے ہے۔ رواں برس ہمیں قرضوں کی ادائیگی کے لیے آٹھ ہزار ارب روپے درکار ہیں۔ قرضوں کی ادائیگی میں بھی ایک ہزار ارب روپے کا خسارہ ہے۔ پینشن کا بجٹ 800 ارب اور حکومتی امور چلانے کا 700 ارب روپے ہے۔ سبسڈیز کے لیے 900 ارب، دفاعی اخراجات 1800 ارب روپے ہیں اور صوبوں کو ٹرانسفرز کی مد میں 1200 ارب روپے کا خرچ ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More