ملائیشیا میں دو فوجی ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا کر تباہ، 10 افراد ہلاک

اردو نیوز  |  Apr 24, 2024

ملائیشیا میں ایک تربیتی سیشن کے دوران دو فوجی ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرانے سے گر کر تباہ ہو گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ملائیشین فائر اینڈ ریسکیو ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کے تمام 10 اراکین ہلاک ہو گئے۔

فائر اینڈ ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے سینیئر آپریشنز کمانڈر سوہیمی محمد سہیل نے کہا ہے کہ دو ہیلی کاپٹر دوران تربیت آپس میں ٹکرا گئے۔ طبی افسران نے جہاز میں سوار تمام 10 افراد کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔

آن لائن شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی ہیلی کاپٹرز نیول سٹیڈیم کے اوپر نچلی پرواز کر رہے تھے، جو مئی میں ہونے والی فوجی تقریبات کے لیے فلائی پاسٹ ریہرسل کر رہے تھے۔

ریسکیو ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ دو ہیلی کاپٹرز یورو کاپٹر اے ایس 555 ایس این فینک اور آگسٹاویسٹ لینڈ اے ڈبلیو 139 حادثے میں تباہ ہو گئے۔

وزیراعظم انور ابراہیم نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اس واقعے پر سوگوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے بتایا گیا ہے کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے وزارت دفاع اور خاص طور پر (رائل ملائیشین نیوی) کی طرف سے فوری  تحقیقات کی جائیں گی۔‘

جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں عموماً ہیلی کاپٹروں کے گرنے کے واقعات عام نہیں۔

گزشتہ ماہ ملائیشیا کے کوسٹ گارڈ کا ایک ہیلی کاپٹر آبنائے ملاکا میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More