وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیرصدارت اجلاس

اے پی پی  |  Apr 25, 2024

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیرصدارت پاک چین اقتصادی راہداری جوائنٹ ورکنگ گروپس اور 13ویں جےسی سی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی اویس منظور سمرا ، ایڈیشنل سیکرٹری کامران رحمان خان اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں گذشتہ سال ہونے والی 12ویں جے سی سی اور ورکنگ گروپس کی سفارشات پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس میں 13 جے سی سی کی تیاریوں کے حوالے سے حکام کی وفاقی وزیر کو بریفنگ بھی دی گئی جبکہ ایم ایل ون،قراقرم ہائی وے فیز 2، ڈی آئی خان ژوب ، کراچی سرکلر ریلوے اور دیگر منصوبوں پر ہونے والے معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی کیا گیا۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان جلد ہی چین کا دورہ کریں گے ، وفاقی وزیر نے حکام کو ایم او یوز اور معاہدوں پر عملدرآمد کے لئے لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت بھی جاری کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک معاہدوں پر عملدرآمد کی راہ میں حائل کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہاکہ سی پیک کے حوالے سے تشکیل دئیے گئے ورکنگ گروپس کے اجلاسوں کے انعقاد میں باقاعدگی لائی جائے۔وفاقی وزیر نے متعلقہ وزارتوں کے ورکنگ گروپس اور فیصلہ سازی میں شرکت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کیں جبکہ انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت جاری کیں کہ مل کر 13 ویں جے سی سی اجلاس کے لئے ٹھوس ایجنڈا مرتب کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More