کلی معیشت کے استحکام کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری ضروری ہے،سعودی سرمایہ کاروں کا دورہ پاکستان اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب ودیگر کاپاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری فورم 2024 سے خطاب

اے پی پی  |  May 06, 2024

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں کلی معیشت کے استحکام کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری ضروری ہے،سعودی سرمایہ کاروں کا دورہ پاکستان اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری فورم 2024 سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ کلی معیشت کے استحکام کے لئے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی حکمت عملیوں پر کام کیا جا رہا ہے جس سے ملکی معیشت کو مزید فروغ ملے گا، حکومت ڈھانچہ جاتی اور اقتصادی اصلاحات پر کام کررہی ہے، جس پر عملدرآمد کے لئے اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کا شعبہ بہت اہمیت کا حامل ہے اور اس کلیدی شعبہ میں اصلاحات جاری ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی معیشت کے کلیدی معاشی اشاریے مثبت جا رہے ہیں جس سے معیشت میں بہتری ونموکی عکاسی ہورہی ہے، زراعت میں 5 فیصد اضافہ ہو رہا ہے اور اس سال گندم اور چاول سمیت بڑی فصلوں کی بمپر پیداوار ہوئی ہیں،حسابات جاریہ کے کھاتوں کا توازن فاضل رہا، اس کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کی محصولات میں رواں سال ریکارڈ اضافہ ہواہے، مہنگائی کم ہو کر 17 فیصد تک آ گئی ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج کے حصص بڑھ رہے ہیں اور سٹاک ایکسچینج مسلسل توازن میں ہے۔

وزیرخزانہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب کا یہ ایک کامیاب دورہ تھا جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی راہیں مزیدکھل گئیں، گزشتہ دو ہفتوں میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تین اعلیٰ سطحی وفود کا تبادلہ ہوا ہے، سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کا دورہ پاکستان بھی اسی اقتصادی تعاون کی راہ ہموار کرنے کا ایک حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اب نجکاری کی طرف بڑھ رہی ہے اور پی آئی اے کی بھی نجکاری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی ترقی، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) اور سرمائے کی زیادتی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیر تجارت جام کمال نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت حکومت کی تمام تر توجہ کاروباری برادری کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے پر ہے، حکومت معاشی اصلاحات پرکام کرہی ہے، ملکی معیشت میں مزید بہتری کی توقع ہے، اس وقت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات میں تاجر برادری کا کردار بہت اہم ہے اور زیادہ توجہ نجی شعبے کے درمیان مذاکرات اور معاہدوں پر عملدرآمد پر ہے۔جام کمال نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں دونوں ممالک کے نجی شعبے کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اس وقت اپنے عروج پر ہیں۔اس موقع پر سعودی معاون وزیر ابراہیم المبارک نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ترقی میں ایک دوسرے کے ساتھی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت سعودی عرب میں 20 لاکھ پاکستانی کام کر رہے ہیں جن میں ڈاکٹرز، انجینئرز اور پروفیسرز شامل ہیں، ان پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب کے وژن 2030 پر بہت محنت کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں،پاکستان کے پاس وسائل اور صلاحیت موجود ہے اور سعودی سرمایہ کار پاکستان کی ترقی میں ہرقسم کی مدد کریں گے۔وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کی ترقی میں شراکت دار ہیں اور آج سعودی عرب کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کا پاکستان کی معیشت میں بہت اہم کردار ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More