وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شمالی علاقہ جات کا دورہ،گلگت او رسکردو کو ملانے والی مین شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا معائنہ کیا

اے پی پی  |  May 06, 2024

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان شمالی علاقہ جات کے دورہ کے دوران سکردو پہنچے جہاں انہوں نے گلگت او رسکردو کو ملانے والی مین شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا معائنہ کیا۔ وزارت مواصلات کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبدالسمیع اور وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود کے ہمراہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں اور سیاحوں کے لئے سکردو سے منسلک شاہراہوں پر سفر کو ہر قیمت پر محفوظ بنایا جائے اور گلگت اور سکردو کو ملانے والی مین شاہراہ پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز رکھی جائے۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پتھروں اور مٹی کے تودے گرنے سے بچاؤ اور جانی و مالی نقصان کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے جس کے لئے ایف ڈبلیو او بھاری مشینری کے ہمراہ ان شاہراہوں کا تسلسل کے ساتھ سروے کرے اور کسی بھی نا گہانی صورتحال میں فوری سے فوری ریلیف کی سرگرمیاں شروع کی جائیں تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبدالسمیع اور وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود نے بریفنگ دی اور یقین دلایا کہ کم سے کم وقت میں شاہراہوں کی بحالی کو یقینی بناتے رہیں گے اور مستقبل میں شمالی علاقہ جات کے لئے زیادہ سے زیادہ مشینری اور ورک فورس تعینات کی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More