وفاقی وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب سے جنوبی ایشیا کیلئے عالمی بینک کے نائب صدرمارٹن ریزرکی ملاقات، کلی معیشت کے استحکام کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

اے پی پی  |  May 06, 2024

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے جنوبی ایشیا کیلئے عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن ریزر نے ملاقات کی۔پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجودتھے۔

وزیر خزانہ نے کلی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے کلیدی اشاریے مثبت ہیں جن سے ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری کی عکاسی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات و سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، اس کے ساتھ ساتھ زراعت، آئی ٹی اور کان کنی سمیت اہم شعبوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

ملاقات میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں برآمدات پر مبنی نمو، محصولات و براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ، ٹیکس نظام کو جدید بنانے، ڈیجیٹلائزیشن، سرکاری ملکیتی اداروں اور توانائی کے شعبہ میں اصلاحات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان جاری دیرینہ تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں عالمی بینک کے کردار کو سراہا۔ عالمی بینک کے علاقائی نائب صدر نے کلی معیشت کے استحکام کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More